دوسرا ون ڈے بارش کی نذر،انڈیا کوکلین سوئپ کاخطرہ

0

ہیملٹن(یو این آئی) ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے تین ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو بارش کی نذر ہوگیا۔سیڈن پارک میں کھیلے جارہے بارش سے متاثرہ میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 12.5اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 89رن بنائے جس کے بعد بارش نے دستک دے دی۔ بارش آدھے گھنٹے سے زیادہ وقت تک نہ تھمنے پر امپائرز نے دونوں کپتانوں سے بات کی اور میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ہندوستان کے 4.5اوور میں 22رن بنانے کے بعد سیڈن پارک میں بارش شروع ہو گئی اور کھلاڑیوں کو میدان چھوڑنا پڑا۔ جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو اووروں کی تعداد 29کر دی گئی۔ کھیل دوبارہ شروع ہوتے ہی کپتان شیکھر دھون تین رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ شبھمن گل نے اننگز کی رفتار بڑھا دی۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے سوریہ کمار یادو نے ان کا ساتھ دیا اور دونوں نے 46گیندوں پر 66رن کی شراکت داری قائم کی۔گل نے 42گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 45رن بنائے جبکہ سوریہ کمار نے 25گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 34رن بنائے ۔بارش نے 13ویں اوور کے مکمل ہونے سے پہلے ہی دوبارہ دستک دے دی جس کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ہندوستان اور نیوزی لینڈ اب بدھ کو کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں تین میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں آمنے سامنے ہوں گے ۔ نیوزی لینڈ نے سیریز میں 1-0کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے ، جب کہ ہندوستان کو کلین سویپ سے بچنے کے لیے تیسرا میچ جیتنا ہوگا۔بارش کے بعد کسی ٹیم کے چار گیند باز زیادہ سے زیادہ چھ اوور کر سکتے ہیں جبکہ باقی پانچ اوور پانچواں بالر کرے گا۔نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں ہندوستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ہندوستان کو سیریز کو برقرار رکھنے کے لیے یہ میچ جیتنا ہوگا۔ہندوستانی الیون: شیکھر دھون (کپتان)، شبھمن گل، شریئس ایر، رشبھ پنت (وکٹ)، سوریہ کمار یادو، دیپک ہڈا، واشنگٹن سندر، دیپک چاہر، عمران ملک، ارشدیپ سنگھ، یجویندرا چہل نیوزی لینڈ الیون: فن ایلن، ڈیون کونوے ، کین ولیمسن (کپتان)، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم ( وکٹ کپیر)، گلین فلپس، مچل سینٹنر، مائیکل بریسویل، میٹ ہنری، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS