ریلوے اسٹیشن پر ڈمپل یادو کو کامیاب بنانے کی اپیل سے کھلبلی

0

اٹاوہ، (ایجنسیاں) :اترپردیش کے اٹاوہ ریلوے اسٹیشن کے انکوائری کاﺅنٹر سے مین پوری لوک سبھا حلقہ کی سماجوادی پارٹی کی امیدوار ڈمپل یادو کے لیے تشہیر کی گئی۔ دیر رات ڈمپل یادو زندہ باد کے نعرے انکوائری کاﺅنٹر سے گونجنے لگے تو وہاں موجود مسافر چونک گئے۔ اس کی اطلاع ریلوے کے حکام کو ملی تو کھلبلی مچ گئی۔ ادھر سوشل میڈیا کے ذریعہ جانکاری ملنے پر اے ڈی ایم نے اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ کو جانچ کر کے قصورواروں پر کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ ادھر ڈی ایم کی جانب سے ڈی آر ایم پریاگ راج کو بھی اس سلسلے میں خط لکھا گیا ہے۔ ہفتہ کی رات 10.50 بجے یہاں ریلوے اسٹیشن پر اس وقت کھلبلی مچ گئی جب انکوائری سے سماجوادی پارٹی کی امیدوار ڈمپل یادو زندہ
باد کے نعرے لگنے لگے۔ انکوائری مائک سے ڈمپل یادو زندہ باد کے نعرے سن کر کئی مسافروں نے اعتراض کیا اور جی آر پی تھانے میں بھی
شکایت کی لیکن کوئی دھیان نہیں دیا گیا۔ ادھر اسٹیشن پر ہی موجود ایک سادھو کے لباس میں بزرگ نے آنکھوں دیکھی اور کانوں سنی بیان
کرتے ہوئے بتایا کہ اسٹیشن کے انکوائری مائک سے اچانک سماجوادی امیدوار ڈمپل یادو زندہ باد کے نعرے لگنے لگے، یہ سن کر انہوں نے
ریکارڈنگ بھی کر لی اور کاﺅنٹر پر جاکر احتجاج بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریکارڈنگ، جہاں بھیجنی تھی، وہاں بھیج بھی دی، لیکن انہوں نے کیا
ریکارڈنگ کی، یہ کسی کو نہیں دکھایا۔ سوشل میڈیا پر جب اس طرح کی تشہیر کی جانکاری ضلع انتظامیہ کو ملی تو حکام نے اس کو انتخابی
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا۔
رات میں انکوائری کاﺅنٹر پر ڈیوٹی کرنے والے اہلکار منشا منڈا نے بتایا کہ 5-6 افراد ہفتہ کی رات جبراً گھس آئے تھے اور مائک سے این
سی آر ایم یو زندہ باد کے نعرے لگائے اور اس کے بعد سماجوادی امیدوار ڈمپل یادو زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ انکوائری مائک سے ڈمپل
یادو زندہ باد کے نعرے لگا کر وہ چلے گئے۔ اس کی اطلاع اہلکار کے ذریعہ فوری طور پر ٹنڈلا کنٹرول روم کو بھی دینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ پی ایم مینا نے بتایا کہ معاملہ نوٹس میں آیا ہے، اس کی جانچ کرائی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS