تمل ناڈو کی جماعتوں کو ای ڈبلیو ایس ریزرویشن قبول نہیں

0

چنئی، (ایجنسیاں) : تمل ناڈو کی حکمراں سیاسی جماعتوں کو غریب اعلیٰ ذاتوں کے لیے 10 فیصد ریزرویشن (ای ڈبلیو ایس کوٹہ) منظور نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں 103ویں آئینی ترمیمی بل کو مسترد کر دیا گیا۔ ان جماعتوں کا کہنا ہے کہ اس سے غریبوں میں تفریق پیدا ہوگی۔وزیراعلیٰ اسٹالن کی صدارت میں ہونے والی آل پارٹی میٹنگ کا اہم اپوزیشن پارٹی اے آئی اے ڈی ایم کے اور اس کی حلیف بی جے پی نے بائیکاٹ کیا۔ میٹنگ میں شامل جماعتوں نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کرتے ہوئے اپنا احتجاج مضبوطی سے درج کرائے۔ حکمراں ڈی ایم کے پارٹی نے پہلے ہی اعلان کیا ہے کہ وہ اقتصادی طور پر کمزور طبقات (ای ڈبلیو ایس) کے لیے 10 فیصد ریزرویشن کے سپریم کورٹ کے 8 نومبر کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کرے گی۔ عدالت عظمیٰ کی 5 ججوں کی آئینی بنچ نے 3-2 سے فیصلہ سناتے ہوئے غریب اعلیٰ ذاتوں کے لیے 10 فیصد ریزرویشن کو برقرار رکھا ہے۔ کل جماعتی میٹنگ میں منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ ہم 103ویں آئینی ترمیم کو مسترد کرتے ہیں۔ یہ آئین میں پنہاں سماجی انصاف کے خلاف ہے۔ اس فیصلہ سے غریبوں میں ذات پات کی تفریق پیدا ہوگی۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کرتے ہوئے ہم حکومت سے سماجی انصاف اور مساوات کو یقینی بنانے کی بھی اپیل کریں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS