لکھنئو (ایس این بی) وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو ریاست میں ڈینگو اور دیگر متعدی امراض کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے منعقد اعلیٰ سطحی میٹنگ میں افسران کو ڈینگو سے بچاﺅ کے لئے ہر ضلع میں ڈیڈیکیٹیڈ اسپتال قائم کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے ہفتہ کو منعقد اس میٹنگ میں ڈینگو و دیگر متعدی امراض کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی روک تھام کے لئے ہدایات دیں۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق گزشتہ کچھ ہفتوں میں ڈینگو و دیگر متعدی امراض میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کی بہتر اسکریننگ کے لئے سرویلانس کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور متاثر مریضوں کی شناخت کرکے ان کے مناسب علاج کا بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڈیکیٹیڈ کووڈ اسپتال کی طرح ڈیڈیکیٹیڈ ڈینگو اسپتال بھی شروع کئے جائیں، یہاں ڈاکٹروں اور صحت اہلکاروں کی دستیابی ہو، جانچ کی سہولت ہو، علاج کا مناسب بندوبست ہو۔ سرکاری ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سبھی وزراءاپنے اپنے حلقہ میں رہیں، ہر حال میں یہ یقینی بنایا جائے کہ اسپتال میں آنے والے مریضوں کو بستر ملے۔ اس کی مناسب جانچ ہو اور وقت پر علاج کیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ ڈینگو مریضوں کے لئے ہر سرکاری اسپتال میں علاحدہ وارڈ بنائے گئے ہیں، مقامی ضرورتوں کے مطابق ان کی تعداد بڑھائی جائے۔ شہری وکاس و پنچایتی راج محکمہ کے ذریعہ ریاستی سطح پر صفائی و فاگنگ کا کام پابندی سے کرایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ زیادہ بارش کی وجہ سے جن بھی اضلاع میں کسانوں کی فصل کا نقصان ہوا ہے ان کی تلافی بلاتاخیر کی جائے۔ بندیل کھنڈ حلقہ اور مغربی اترپردیش کے اضلاع سمیت 50 اضلاع کے کسان متاثر ہوئے ہیں۔ یہ یقینی بنایا جائے کہ ایک بھی متاثر کسان معاوضہ سے محروم نہ رہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طلبہ کو مفت ٹیبلٹ / اسمارٹ فون تقسیم کا کام جاری رکھا جائے۔
ہمیں اگلے پانچ برسوں میں دو کروڑ نوجوانوں کو ڈجیٹل طاقت سے لیس کرنا ہے۔ بغیر تفریق کے ہر طالب علم کو ٹیبلٹ اور اسمارٹ فون مہیا کرایا جائے۔
ڈینگو سے بچاﺅ کےلئے ہرضلع میں بنایا جائے ڈیڈیکیٹڈ اسپتال:یوگی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS