ایڈیلیڈ(ایجنسیاں) : افغانستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے اپنے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف 4 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ٹورنامنٹ کے اختتام تک افغانستان کی ٹیم ایک بھی میچ نہیں جیت سکی۔ ایسے میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ورلڈ کپ میں افغانستان سے شکست کے ساتھ ہی محمدنبی نے کپتانی چھوڑ دی۔ نبی نے ٹوئٹر پر ایک طویل پوسٹ کے ساتھ کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ محمد نبی نے لکھا’’پیارے کرکٹ کے شائقین! ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہمارا سفر اپنے اختتام کو پہنچا، جس کے نتیجے کی نہ ہمیں توقع تھی اور نہ ہی ہمارے حامیوں کو۔ان میچوں کے نتائج سے ہم بھی اتنے ہی مایوس ہیں جتنے آپ ہیں۔ پچھلے ایک سال سے ہماری ٹیم کی تیاری اس سطح پر نہیں تھی کہ ایک کپتان کسی بڑے ٹورنامنٹ کے لیے چاہے گا۔ اس کے علاوہ گزشتہ چند دوروں میں ٹیم مینجمنٹ، سلیکشن کمیٹی سب ایک پیج پر نہیں تھے جس کا اثر ٹیم کے توازن پر پڑتا ہے‘‘۔نبی نے مزید کہا’’اس لیے میں احترام کے ساتھ فوری طور پر کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتا ہوں، لیکن جب تک انتظامیہ اور ٹیم کو میری ضرورت ہو گی میں اپنے ملک کے لیے کھیلتا رہوں گا۔ آپ میں سے ہر ایک کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ جو بارش سے متاثرہ میچوں کے باوجود میدان میں آئے اور جس نے دنیا بھر میں ہمارا ساتھ دیا، آپ کی محبت واقعی ہمارے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔ افغانستان لازوال ہے۔ نیک خواہشات، محمد نبی۔‘‘
شکست کے بعد محمد نبی نے کپتانی چھوڑدی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS