ایڈیلیڈ (یو این آئی) :آسٹریلیا نے گلین میکسویل(54 ناٹ آؤٹ) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت جمعہ کو سپر-12 ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں افغانستان کو چار رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی اپنی امیدیں زندہ رکھیں۔
گروپ ون کے میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو 169 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں افغانستان صرف 164 رنز بنا سکا۔
ہدف کے تعاقب میں افغانستان نے 13 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنائے تھے لیکن 14 ویں اوور میں گلبدین نائب (39) رن آؤٹ ہونے کے باعث افغان ٹیم کی وکٹیں کرنے کا سلسلہ چالو ہوگیا۔ افغانستان نے چار رنز کے اندر چار وکٹیں گنوادیں جس کی وجہ سے اس کی جیت کے امکانات مشکل ہوگئے ۔ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے راشد خان نے 23 گیندوں پر تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے لیکن اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے ۔ راشد وکٹ پر آئے تو اس وقت ٹیم کا اسکور 14.3 اوورز میں 103/6 تھا۔تاہم راشد نے 48 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیل کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ راشد کی بدولت افغانستان نے آخری تین اوورز میں 44 رنز جوڑے لیکن ٹیم اسکور کو 164 رنز تک نہیں پہنچ سکی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ اور ایڈم زمپا نے دو دو جبکہ کین رچرڈسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کے پانچ میچوں میں سات پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات برقرار ہیں، حالانکہ اس کا رن ریٹ انگلینڈ سے بدتر ہے ۔ انگلینڈ پانچ پوائنٹس کے ساتھ گروپ 1 میں تیسرے نمبر پر ہے اور اگرہفتہ کو سری لنکا کے خلاف اپنا میچ جیت گیا تو دفاعی چمپئن آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔
اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کے لیے بلایا اور ایرون فنچ کی غیر موجودگی میں اوپننگ کے لیے آنے والے کیمرون گرین دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ ڈیوڈ وارنر (25) پانچ چوکوں کے ساتھ اچھی لے میں نظر آئے لیکن نوین الحق کی گیند پر ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے ۔ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 54 کے اسکور پر اسٹیو اسمتھ کی صورت میں گرنے کے بعد مچل مارش اور مارکس اسٹوئنس نے برتری حاصل کی۔ مارش نے 30 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے جبکہ اسٹوئنس نے 21 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے ۔
آسٹریلیا نے 15 اوورز میں 133 رنز بنائے تھے لیکن افغانستان نے آخری پانچ اوورز میں صرف 35 رنز پر چار وکٹیں لے کر آسٹریلیا کو بڑے اسکور کی جانب بڑھنے سے روک دیا۔ تاہم، میکسویل نے ایک سرے سے جدوجہد کی اور آسٹریلیا کو 160 سے آگے لے گئے ۔ انہوں نے 54 رنز کی اپنی اننگز میں 32 گیندوں میں چھ چوکے اور دو چھکے لگائے ۔
افغانستان کی جانب سے نوین الحق نے چار اوورز میں صرف 21 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ فضل الحق فاروقی نے دو جبکہ مجیب الرحمان اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے میں چار رنز سے کامیابی حاصل کی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS