ملک کے موجودہ حالات میں نبی اکرمؐ کی تعلیمات پر عمل کرنا ضروری

0

محمدغفران آفریدی
نئی دہلی (ایس این بی) :قومی اقلیتی کمیشن کے چیئر مین اقبال سنگھ لال پورہ نے رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ رسول پاکؐ کی زندگی سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے ۔ آج ملک میں جس طرح کا ماحول ہے ،ایسی صورت حال میں حضورؐاکرم کی تعلیمات پر عمل کر نے کی ضرورت ہے۔ اقبال سنگھ لال پورہ نے ’سیرت النبیؐ اور بابا فرید و گرو نانک جی‘کے اخلاقی روحانی رشتوںاور تعلیمات نبوی کو بیان کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں رسول اکرمؐ کے احکامات کو اپنی زندگی میں شامل کر نا ہے ، یہی ان کیلئے سچا خراج عقیدت ہو گا ۔وہ آج انڈیااسلامک کلچرل سینٹر میں جشن یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جلسہ عید میلا د النبیؐ کے موقع پر اظہارخیال کررہے تھے ۔ اس موقع پر اقبال سنگھ نے یہ بھی کہاکہ پیغمبر اسلام نے اتحاد و محبت کا درس دیا نیز برائیوں کو جڑ سے ختم کیاہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان کیلئے حضور اکرمؐ کے پیغام کوعام کر نے کی ضرورت ہے۔ مہمان ذی وقارپدم شری پروفیسر اختر الواسع نے کہاکہ نبی پاکؐ کسی ایک انسان یا کسی قوم کیلئے نہیں تھے ، بلکہ وہ پوری انسانیت کیلئے رحمۃ للعالمین بنا کر بھیجے گئے تھے ۔پروفیسر اختر الواسع نے تعلیم کے حوالے سے کہاکہ رسول معظمؐ پر کو پہلی وحی ’اقرا‘ یعنی تعلیم وپڑھنے کی آئی لیکن افسوس ان کی قوم ہی تعلیم میںپسماندہ ہے، یہ ہم سب کیلئے سوچنے کا مقام ہے۔انہوں نے کہاکہ رسول اکرمؐ نے دنیوی و اخروی کا میابی کے نسخے بتائے ، بالخصوص دیگر مذاہب کے افراد کے ساتھ حسن سلوک کیلئے سنت نبوی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔
مہمان اعزاز ی پارلیمنٹ جا مع مسجد کے امام و خطیب مولانا محب اللہ ندوی نے تاجدار دوعالم ؐ کی مبارک زندگی اور تعلیمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اورکہاکہ پیغمبر اسلامؐ نے پوری دنیا کو امن ،چین اور بھروسہ کا راستہ دکھایاہے، ان کے پیغامات کوعام کر نا چاہئے۔ مولانا محب اللہ نے یہ بھی کہاکہ سرورکو نینؐ نے ہمیشہ ناانصافی اور ظلم کے خلاف لڑائی لڑی، اس لیے ہم ان کے پیغام پر عمل پیرا ہو کر خوبصورت دنیا بنا سکتے ہیں۔
پروفیسر محمد ہاشم قریشی نے کہا کہ نبیؐ پاک رحمۃ للعالمین بناکر بھیجے گئے،آپؐ نے ہمیشہ مساوات اور برابری کا درس دیا۔ ظلم اور نانصافی کے خلاف آواز بلند کی۔پروفیسر قریشی نے مزید کہاکہ اگر ہم آپؐ کی مبارک زندگی سے سبق لیںتو ہماری زندگی میں کسی طرح کی کوئی پریشانی،تشدداور انتشار نہیں ہوگا۔مولانا غلام رسول دہلوی نے کہاکہ جو امام الانبیا نے اخلاقی نمونہ پیش کیا ہے، وہ رہتی دنیا کیلئے عظیم مثال ہے، ضروری ہے کہ ہم بھی وہی نمونہ برادران وطن کے سامنے پیش کریں اور اپنے اخلاق و معاملات کودرست کریں۔
قبل ازیں مولانا حفظ الرحمن کی تلاوت کلام الٰہی سے جلسہ کاآغاز ہوا جبکہ نعت شریف معروف ثناخواں ڈاکٹر ولاء جمال العسیلی اوربزرگ شاعر متین امروہوی نے پیش کی۔
سینٹر کے صدرالحاج سراج الدین قریشی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔انہوں نے اپنی گفتگو میں کہاکہ سینٹر میں قومی تہواروں کو بڑے اہتمام کے ساتھ منایا جاتا ہے، ہماری کوشش رہتی ہے کہ اتحاد و یکجہتی اور بھائی چارہ کے پیغامات کو عام کیا جائے۔انہوں نے رسول اکرمؐ کی زندگی کے مختلف پہلوئوںپر روشنی ڈالی اور کہاکہ جہالت کے خاتمہ کیلئے رسول اکرمؐ نے تعلیم کے حوالے سے خاص تاکید کی ہے اور غربت کے خاتمہ کیلئے بھی زکوٰۃ کے تصورکو عام کیاہے۔آئی آئی سی سی کے سربراہ نے رسول اکرمؐ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پیغمبر اسلام نے پوری دنیا کو امن ، چین ،محبت،اخوت الفت ، ایمانداری، دیانتداری و تقویٰ کا راستہ دکھایا ،انہی کے پیغامات کی بدولت ہم دنیو ی و اخروی زندگی میںکا میابی حاصل کرسکتے ہیں۔اس موقع پر سابق آئی آر ایس ابرار احمد ،سی بی آئی کے سابق میڈیاہیڈشہزاد محمد خان ودیگر نے بھی اظہارخیال کیاجبکہ نظامت کے فرائض پروفیسر حفیظ الرحمن نے بخوبی انجام دیے ۔اہم شرکا میںعبد الماجد نظامی (گروپ ایڈیٹر ، روزنامہ راشٹریہ سہارا)، بی جے پی اقلیتی مورچہ کے سینئر لیڈرچودھری محمد عرفان احمد، سابق چیئر مین قومی اقلیتی کمیشن وجاہت حبیب اللہ،دہلی حج کمیٹی کے سابق صدر الحاج محمد مختار احمد،سوشل ورکر حاجی محمد شمیم احمد (سوت والا)، معروف مصنفہ پروفیسر نیلم مہاجن، قمر احمد (سابق آئی پی ایس)، تقریب کے روح رواںابوذرخان ،بہاریو برقی ایڈووکیٹ ،مسلم راشٹر یہ منچ کے سینئررہنماڈاکٹر محمد عمران چودھری، مولانا شاداب حسین اشرفی، حافظ محمد صابرین، خالد مصطفی، شاہانہ بیگم ،مولانا صہیب قاسمی ،ماسٹر زاہد حسین ودیگر کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں۔جلسہ کااختتام صلوٰۃ وسلام و دعا پر ہوا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS