اٹاوہ :ایکسپریس وے پر بس اور ٹرک میں ٹکر میں4 کی موت،40زخمی

0

اٹاوہ:(یواین آئی)اترپردیش کے اٹاوہ ضلع میں سیفئی تھانہ علاقے کے تحت آگرہ لکنئو گومتی ایکسپریس وے پر اتوار کی صبح دیوریہ سے جے پور جانے والی ایک ڈبل ڈیکر بس اور ٹرک کی ٹکر میں چار لوگوں کی دردناک موت ہوگئی،جبکہ تقریباً 40افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کو علاج کے لیے سیفئی میڈیکل یونیورسٹی میں داخل کرایا گیا ہے۔ 03 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آج صبح تقریباً 3 بجے پیش آنے والے اس حادثے میں جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار کنبوں کے افراد کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی روح کے سکون کےلئے دعا کی۔
انہوں نے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچاکر ضلعی انتظامیہ کو ان کے مناسب علاج کی ہدایت کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ اس کے ساتھ ہی ضلع مجسٹریٹ اور اعلیٰ پولیس افسران کو موقع پر جاکر جنگی بنیادوں پر امدادی کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اٹاوہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جئے پرکاش سنگھ نے بتایا کہ دیوریہ سے جے پور جانے والی بس تیمروا کے قریب گومتی ایکسپریس وے پر حادثہ کا شکار ہوگئی۔ انہوں نے بس میں سوار 04 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بس پیچھے سے مورم سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی یوپی ڈی اے اور مقامی پولیس اسٹیشن کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ تمام زخمیوں کو یوپی ای ڈی اے اور پولیس ٹیم کی جانب سے راحت اور بچاؤ کی کارروائیوں کے بعد علاج کے لیے سیفئی میڈیکل یونیورسٹی لے جایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم ہر ایک کے علاج میں مصروف ہے۔
دردناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایم اونیش رائے، ایس ایس پی جئے پرکاش سنگھ، ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ جئے پرکاش، پولیس سپرنٹنڈنٹ ستیہ پال سنگھ اور ضلع کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔
آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے کے سنگ میل 103 پر گاؤں ٹیمرواکے قریب سلیپر بس ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ایکسپریس وے کنٹرول روم نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ خوفناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایک درجن ایمبولینسیں اور کئی تھانوں کی فورس موقع پر پہنچ گئی۔ بس میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کا کام کیا گیا۔ زخمیوں کو سیفئی میڈیکل یونیورسٹی کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔
ڈی ایم اونیش رائے اور ایس ایس پی جئے پرکاش سنگھ مشترکہ طور پر سیفئی میڈیکل یونیورسٹی زخمیوں کا ہال معلوم کرنے پہنچے۔ اس کے بعد ڈی ایم اور ایس ایس پی جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعہ کا قریب سے جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس سے کہا کہ وہ مناسب دفعات کے تحت کارروائی کرے۔ بس ڈرائیور امین علی (35 سال) ساکن راجستھان کے جھنجھنو اور شریک ڈرائیور سومیر سنگھ گرجر، ساکن جے پور بھی مرنے والوں میں شامل ہیں۔ ایک اور مسافر شرئیا (8 سال) کی سیفئی میڈیکل یونیورسٹی میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔ ایک اور متوفی کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS