گیلونگ (یو این آئی): نیدرلینڈ نے جنید صدیقی (24/3) کی شاندار گیند بازی کے باوجود ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے گروپ اے کے اپنے میچ میں اتوار کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔یو اے ای نے ہالینڈ کے سامنے 112 رنز کا ہدف رکھا تھا جسے ہالینڈ نے ایک گیند رہتے حاصل کر لیا۔ نیدرلینڈز 13 اوورز میں 76/4 کے اسکور کے ساتھ آسانی سے ہدف کا تعاقب کر رہا تھا لیکن جنید نے 14ویں اوور میں ٹام کوپر اور وین ڈیر مروے کو آؤٹ کر کے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ ظہور خان نے 19ویں اوور میں ٹم پرنگل (15) کی وکٹ حاصل کی جس کے بعد ڈچ ٹیم کو آخری اوور میں چھ رنز درکار تھے ۔ لوگن وین بیک اور اسکاٹ ایڈورڈز نے یہ رن پانچ گیندوں میں بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ان کی اننگز کبھی بھی رفتار نہیں پکڑ سکی۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے محمد وسیم نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے لیکن اس کے لیے 47 گیندیں کھیلیں۔ اس کے علاوہ وریتیا اروند نے 21 گیندوں میں 18 رنز بنائے جبکہ کاشف داؤد نے 15 (14) رنز بنائے ۔نیدرلینڈز کے لیے باس ڈی لیڈ نے تین اوورز میں 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ فریڈ کلاسن نے دو جبکہ ٹم پرنگل اور وین ڈیر ماروے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔112 رنز کے کم ہدف کے تعاقب میں ہالینڈ نے اننگز کا آغاز اچھا کیا لیکن مسلسل وکٹیں گنوانے کا سلسلہ جاری رہا۔ اوپنر وکرمجیت سنگھ (10) کے آؤٹ ہونے کے بعد میکس او ڈاؤ (23)، ڈی لیڈ (14) اور کولن ایکرمین (17) اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے ۔ہالینڈ کی ٹیم ہدف کی جانب آسانی سے آگے بڑھ رہی تھی لیکن 14ویں اوور میں جنید صدیقی نے کوپر اور وین ڈیر مروے کو آؤٹ کر کے ڈچ ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔ پرنگل اور ایڈورڈز نے تحمل کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 27 رنز بنا کر نیدرلینڈز کو فتح کے قریب پہنچا دیا، حالانکہ پرنگل 19ویں اوور میں آؤٹ ہو گئے ۔ ڈچ ٹیم کو آخری اوور میں چھ رنز درکار تھے اور اس نے یہ میچ 19.5 اوورز میں جیت لیا۔
ہالینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS