ہم گاندھی جی کے عدم تشدد ، اتحاد، مساوات اور انصاف کے راستے پر چل رہے ہیں: راہل

0

گاندھی کو قتل کرنے والے نظریہ کے خلاف جنگ جاری
میسورو، (ایجنسیاں) : ’بھارت جوڑو یاترا‘ پر نکلے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اتوار کے روز مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر بابائے قوم کے قتل کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ نظریات کی جنگ جاری ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے اس میں شامل ہونے کی اپیل بھی کی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ جس طرح گاندھی جی نے برطانوی راج کے خلاف جنگ لڑی تھی، آج ہم اسی نظریے کے خلاف لڑائی کر رہے ہیں جس نے گاندھی جی کو قتل کیا تھا۔ اس نظریے نے گزشتہ 8 برسوں کے دوران عدم مساوات، تقسیم میں اضافہ کیا ہے اور ہماری مشکل سے حاصل کی گئی آزادی کو زک پہنچائی ہے۔راہل گاندھی آج کرناٹک کے بدناوالو میں بھارت جوڑو یاترا شروع کرنے کے بعد اس کھادی گرام ادیوگ سینٹر پہنچے، جہاں مہاتما گاندھی نے 1927 میں دورہ کیا تھا۔ اتوار کے روز میڈیا کو جاری ایک بیان میں راہل گاندھی نے کہا کہ ہم ہندوستان کے عظیم فرزند کو یاد کر رہے ہیں اور ان کو سلام پیش کر رہے ہیں۔ ہماری یاد اس حقیقت سے اور بھی پ±رجوش ہو گئی ہے کہ ہم بھارت جوڑو یاترا کے 25ویں روز میں داخل ہو گئے ہیں، جس میں ہم ان کے عدم تشدد، اتحاد، مساوات اور انصاف کے راستے پر چل رہے ہیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ‘عدم تشدد’ اور ‘جھوٹ’ کی اس سیاست کے خلاف، بھارت جوڑو یاترا کنیا کماری سے کشمیر تک عدم تشدد اور سوراج کا پیغام پھیلائے گی۔ راہل نے کہا سوراج کے کئی معنی ہیں۔ یہ ہمارے کسانوں، نوجوانوں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی خواہش اور خوف سے آزادی ہے۔ یہ ہماری ریاستوں کی آزادی ہے کہ وہ اپنی آئینی آزادی کا استعمال کریں اور اپنے گاو¿ں میں پنچایتی راج کی پیروی کریں۔ انہوں نے کہاکہ یہ خود پر بھی فتح ہے، چاہے وہ بھارت یاتری ہوں جو 3600 کلومیٹر پیدل سفر کر رہے ہیں یا وہ لاکھوں شہری ہوں جو مختصر وقت کےلئے اس سفر میں شامل ہو رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہاکہ یاترا خوف، نفرت اور تقسیم کی سیاست کے خلاف ہندوستانی عوام کی پرسکون اور مضبوط آواز ہے۔ اقتدار میں رہنے والوں کےلئے گاندھی کی وراثت پر قبضہ کرنا آسان ہو سکتا ہے لیکن ان کے نقش قدم پر چلنا زیادہ مشکل ہے۔
ادھر راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ گاندھی کے ملک میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے، اشوک گہلوت آج سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں گاندھی جینتی کے موقع پر منعقدہ سرو دھرم پراتھنا سبھا اور گاندھی سدبھاو¿نا سمان تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے اپنے خیالات اور طرز زندگی سے دنیا کو سچائی اور عدم تشدد کا پیغام دیا۔ ان کے عدم تشدد کے نظریے نے ملک کی آزادی کی تحریک کو متاثر کیا۔اشوک گہلوت نے کہا کہ آج پوری دنیا تشدد اور بدامنی سے لڑ رہی ہے۔ ایسے وقت میں صرف گاندھیائی سوچ ہی دنیا کو امن اور عدم تشدد کی طرف لے جا سکتی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS