نئی دہلی (یو این آئی) : نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے اتوار کو بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو ان
کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر دھن کھڑ صبح مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ گئے اور انہیں گلہائے عقیدت نذر کئے ۔ بعد میں
انہوں نے ایک ٹویٹ میں بابائے قوم کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جدید ہندوستان کی سب سے با اثر ہستیوں میں سے ایک مہاتما گاندھی ان مشکل وقتوں
میں پوری انسانیت کیلئے اخلاقیات کا سرچشمہ اور امید کا روشن مینار تھے ۔ ناانصافی کے خلاف ان کی ستیہ گرہ اور پرامن جدوجہد نے دنیا بھر
میں کروڑوں لوگوں کو تحریک دی۔ سچائی اور انسان میں بنیادی اچھائی پر گاندھی جی کو جو پختہ یقین تھا، اس کی آج سخت ضرورت ہے ۔ہر نسل
کو گاندھی جی کو اپنے طور پر دریافت کرنے کی ضرورت ہے ۔ غریبی سے لے کر آب و ہوا میں تبدیلی اورجنگ تک- آج کی دنیا کے سامنے
موجودہ خطرات سے گاندھی جی کے وضع کردہ اصولوں پر عمل کرتے ہوئے کامیابی سے نمٹا جا سکتا ہے ۔ آج کی تنازعات سے بھری دنیا میں
گاندھی جی کی دانشمندی انسانوں کی رہبری کرتی ہے کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے ۔گاندھی جینتی کے موقع پر آئیے ایک ایسی پُرامن
دنیا کے لئے دعا کریں، جو تشدد، انتہا پسندی، دہشت گردی اور ہر طرح کے بھید بھاؤ سے پاک ہو۔
وہیں سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا ہے کہ ان کا نعرہ
’جئے جوان جئے کسان‘ ہر ہندوستانی کے دل میں گونجتا ہے۔ اتوار کی صبح، شاستری جی کی یوم پیدائش پر، مسٹر دھن کھڑ ان کی یادگار
وجے گھاٹ گئے اور انہیں گلہائے عقیدت نذر کئے ۔بعد ازاں ایک ٹویٹ میں نائب صدر نے کہا کہ لال بہادر شاستری ایک بصیرت انگیز رہنما تھے
جنہوں نے ہندوستان کی تاریخ کے مشکل ترین دور میں ملک کی قیادت کی۔ ان کا ’جئے جوان جئے کسان‘ کا نعرہ ہر ہندوستانی کے دل میں
گونجتا ہے ۔مسٹر دھن کھڑ نے کہاکہ میں لال بہادر شاستری جی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
دیں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار ( 2 اکتوبر) کو بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو ان کی 152 ویں
یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔بابائے قوم گاندھی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد مسٹر مودی نے لوگوں سے کھادی
اور دستکاری کی مصنوعات خریدنے کی اپیل کی۔ملک کے دوسرے وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو ان کی یوم پیدائش پر یاد کرتے ہوئے وزیر
اعظم نے کہا کہ ان کی سادگی اور فیصلہ سازی کے لیے ملک بھر میں ان کی تعریف کی جاتی ہے ۔مسٹر مودی راجدھانی میں راج گھاٹ پر بابائے
قوم کی سمادھی گئے اور گلہائے عقیدت نذر کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وہاں کل مذاہب دعائیہ سبھا کا اہتمام کیا گیا۔باپو کو خراج
عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا کہ گاندھی جینتی پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت۔ اس بار گاندھی جینتی بہت
خاص ہے کیونکہ ہندوستان آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے۔ میری خواہش ہے کہ ہم ہمیشہ باپو کے نظریات پر قائم رہیں۔ میں آپ سب سے یہ
بھی گزارش کرتا ہوں کہ گاندھی جی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کھادی اور دستکاری کی مصنوعات خریدیں۔مسٹر مودی سابق وزیر اعظم لال
بہادر شاستری کو خراج عقیدت پیش کرنے وجے گھاٹ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ لال بہادر شاستری جی کی سادگی اور فیصلہ سازی کیلئے
پورے ہندوستان میں تعریف کی جاتی ہے ۔ ہماری تاریخ کے ایک اہم موقع پر ان کی مضبوط قیادت اور تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
دوسری جانب کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق صدر راہل گاندھی، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے صدارتی امیدوار ملکارجن
کھڑگے نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔محترمہ گاندھی بابائے قوم کو پھول چڑھانے کیلئے صبح راج
گھاٹ گئیں اور گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے راج گھاٹ پر کل مذاہب دعا میں شرکت کرکے باپو کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
راہل، جو بھارت جوڑو یاترا کی قیادت کر رہے ہیں، نے ٹویٹ کرکے گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ باپو نے ہمیں سچائی اور
عدم تشدد کے راستے پر چلنا سکھایا، محبت، ہمدردی، ہم آہنگی اور انسانیت کے معنی سمجھائے ۔ آج گاندھی جینتی پر ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے
ہندوستان کو اسی طرح متحد کریں گے جس طرح انہوں نے ملک کو ناانصافی کے خلاف متحد کیا تھا۔مسٹر کھڑگے بھی محترمہ گاندھی کیساتھ راج
گھاٹ پہنچے اور بابائے قوم کی سمادھی پر گلہائے عقیدت نذر کئے ۔