اقوام متحدہ (یو این آئی) : برکس ممالک کے وزرائے خارجہ نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات کی جس میں عالمی اداروں میں کثیرالجہتی کو مضبوط کرنے اور دہشت گردی اور انتہا پسندانہ سرگرمیوں کے لیے دوہرے معیار کو مسترد کیا گیا۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر، روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف، چینی وزیر خارجہ وانگ یی، برازیل کے وزیر خارجہ کارلوس البرٹو فرانکو فرانکا اور جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر نالیڈی پانڈور نے میٹنگ میں شرکت کی۔ملاقات کے بعد سرکاری اطلاعات میں کہا گیا کہ وزرا نے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سیاست، سلامتی، معیشت، مالیاتی اور پائیدار ترقی کے اہم عالمی اور علاقائی مسائل کے ساتھ ساتھ برکس کے اندرونی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے اقوام متحدہ اور اس کے مختلف اداروں میں کثیرالجہتی کو بہتر بنانے اور مضبوط کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور دہشت گردی اور انتہا پسندانہ سرگرمیوں سے نمٹنے میں دوہرے معیار کو مسترد کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی دہشت گردی پر جامع کنونشن کو فوری طور پر حتمی شکل دینے اور اسے اپنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے تمام ممالک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے احترام کا اظہار کیا اور بات چیت اور مشاورت کے ذریعہ اختلافات اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا۔ انہوں نے یوکرینی مسئلے کے پرامن حل کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ہر کوششوں کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی وزارتی میٹنگ میں کووڈ وبا میں استعمال ہونے والے طبی آلات اور ادویات کی تیاری اور سپلائی سے متعلق قوانین کو آزاد کرنے کے لیے ٹی آر آئی پی ایس معاہدے کے فیصلے کی منظوری دی۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے اہداف کے متوازن اور مربوط نفاذ پر زور دیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی اور فنانسنگ کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
برکس ممالک کے وزرائے خارجہ کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ملاقات کے دوران اظہارخیال
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS