پوچھ گچھ کے بعد ممبر اسمبلی گرفتار، عام آدمی پارٹی کا امانت کو بے بنیاد معاملے میں پھنسانے کا الزام
نئی دہلی(ایس این بی) : اینٹی کرپشن برانچ (اے سی بی) نے جمعہ کو عام آدمی پارٹی کے اوکھلا سے ایم ایل اے امانت اللہ خان اور ان کے قریبی دوستوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ پوچھ گچھ کے بعد ممبر اسمبلی امانت اللہ خان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چھاپہ کے دوران امانت اللہ خان کے گھر سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوا ہے۔ تاہم ایک دیگر ذرائع کے مطابق مختلف مقامات پر چھاپے کے دوران ایک جگہ سے افسروں کو تقریباً 12 لاکھ روپے نقد اور ایک غیر لائسنس یافتہ اسلحہ برآمد ہوا۔ دراصل اے سی بی دہلی وقف بورڈ میں تقرری میں بے ضابطگیوں کی جانچ کر رہا ہے،حالانکہ یہ معاملہ 5مئی 2020کا ہے جس میں امانت اللہ خان کو آج جمعہ کو 12 بجے پوچھ تاچھ کے لئے اے سی بی دفتر طلب کیا گیا تھا۔ خاص بات یہ ہے کہ اے سی بی نے امانت اللہ خان کو دو سال پرانے معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے کل یعنی جمعرات کو نوٹس بھیجا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ امانت اللہ خان کے گھر اور ان کے قریبی کے 5 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ تفتیشی ٹیم نے امانت اللہ سے پوچھ گچھ کے بعد چھاپہ مارا ہے۔ یہ ساری کارروائی وقف بورڈ سے متعلق معاملہ میں بتائی جا رہی ہے۔ ایم ایل اے امانت اللہ خان کی مشکلیں کم نہیں ہو رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آج چھاپے ماری کے دوران جامعہ نگر میں پولیس گشت بڑھادی گئی تھی ۔بتایا جاتا ہے کہ جس گھر سے نقدی اور غیر قانونی اسلحہ ملا ہے، اس کے مالک کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے لیکن با ضابطہ طور پراس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ اے سی بی کا نوٹس ملنے کی اطلاع امانت اللہ خان نے خود ٹویٹ کرکے دی تھی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا کہ انہیں ایک معاملے میںطلب کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے دہلی وقف بورڈ کا نیا دفتر قائم کیا ہے۔ اے سی بی ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کو خان اور اس سے منسلک دیگر لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے ۔ ان چھاپوں میں ایک جگہ سے 12 لاکھ روپے کی نقدی اور غیرقانونی اسلحہ اور کچھ کارتوس برآمد ہوئے۔ جس شخص کے گھر سے نقدی اور غیر قانونی اسلحہ ملا ہے ،وہ علاقہ کا ایک بلڈر ہے ۔ اے سی بی کی ٹیم نے نقدی اور اسلحہ ضبط کر لیا ہے۔آج جمعہ کو اے سی بی دفتر جانے سے قبل اور بعد میں ایم ایل اے امانت اللہ خان نے یکے بعد کئی ٹویٹ کئے۔انہوں نے کہا کہ ’مجھے پوچھ تاچھ کے لئےACB # دفتر بلایا گیا اور پیچھے سے میرے گھر والوں کو زدوکوب کرنے کے لےے دہلی پولیس کو بھیجا گیا ۔ @LGovDelhi صاحب، سچ کو کبھی آنچ نہیںآتی ہے یاد رکھئے گا۔ مجھے اس ملک کے آئین اور مقننہ پر پورا بھروسہ ہے ۔ دوسری طرف عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ امانت اللہ خان کی گرفتاری بے بنیاد اور فرضی معاملے میں ہوئی ہے۔ چھاپہ کے دوران ان کی رہائش گاہ یا دفتر سے کچھ بھی نہیں ملا۔ یہ ممبر اسمبلی کو جھوٹے معاملے میں پھنسانے اور عام آدمی پارٹی کو بدنام کرنے کی ایک نئی سازش ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS