لکھنئو میں دیوار منہدم ،رائے بریلی میں مکان گرا، 10افراد کی موت ،6زخمی

0

لکھنئو (یو این آئی) : اترپردیش کی راجدھانی لکھنئو میں گزشتہ 24گھنٹوں سے ہورہی لگاتار بارش کے دوران جمعہ کی علی الصباح کینٹ میں واقع دلخش علاقے میں ایک زیر تعمیر دیوار کے منہدم ہونے سے ان کے نیچے دب کر 9افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 2افراد زخمی ہوگئے ۔اس حادثے کے سبھی مہلوکین ضلع جھانسی کے پچوارا گاو¿ں کے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی لکھنئو کے ڈی ایم سوریہ پال گنگوار نے موقع واردات پر پہنچ کر راحت رسانی کے کاموں کاجائزہ لیا۔گنگوار نے بتایا کہ یہ حادثہ لگاتار ہورہی بارش کی وجہ سے پیش آیا اور رات تقریبا 3بجے زیر تعمیر دیوار منہدم ہوگئی اور اس کی زد میں آنے سے 9افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 2افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں کو سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ ڈاکٹروں نے زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے ۔ اسپتال سے موصول اطلاع کے مطابق متوفین میں تین مرد، دو خواتین اور تین بچے شامل ہیں۔ سبھی مہلوکین اور زخمیوں کی شناخت ضلع جھانسی میں بنگرا بلاک کے پچوارا گاو¿ں کے مکینوں کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ یہ سبھی یومیہ مزدور ہیں۔مہلوکین میں پردیپ(28)، ریشماں(25)پردیپ کی بیوی، نینابنت پردیپ(01)، دھرمیندر (28)، چندا بیوی دھرمیندر(25)، دھرمیندر کا ایک سال اور دو سال کے دو بچے ، پپو(50)، مانکنور دیوی(45)بیوی پپو شامل ہیں۔ زخمیوں میں متوفی پپو کا 18 سال کا بیٹا گولو اورراگھویندر ولد کرن (20) شامل ہیں۔
دوسری جانب اترپردیش کے ضلع رائے بریلی میں بارش کی وجہ سے جمعہ کو ایک کچا مکان منہدم ہونے سے اس کے ملبے میں پانچ افراد دب گئے جن میں سے ایک کی موت ہوگئی۔ رائے بریلی کے ایس ڈی ایم(صدر) شکھا شنکھوار نے بتایا کہ شہر میں جوشیانہ محلے کے موریا پور علاقے میں لگاتار ہورہی بارش کے دوران ایک کچا مکان منہدم ہوگیا۔ اس میں پانچ افرادکے دبنے کی اطلاع پر فوراً راحت رسانی کا کام شروع کیا گیا۔ مکان کے ملبے میں دبنے سے ایک نابالغ کی موت ہوگئی۔شنکھوار نے بتایا کہ صبح تقریبا آٹھ بجے رائے بریلی کے کھنی تلا کے نزدیک جوشیانہ محلے میں مٹی سے بنا دو منزل مکان منہدم ہوگیا۔ مکان میں رہ رہے راجن کشیپ، بیوی منجو دیوی، بیٹا رجت، رجنیش اور بیٹی رجنی مکان کے ملبے کے نیچے دب گئے ۔زخمیوں کو فورا ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ملبے کے نیچے دبنے سے چھوٹے بیٹے رجنیش(03) کی موت ہوگئی۔ڈی ایم مالا شریواستو نے ضلع اسپتال پہنچ کرزخمیوں کا حال جانا۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ کنبے کو جو بھی مدد کی جاسکتی ہے وہ عمل میں لائی جائے گی۔
اترپردیش کی راجدھانی لکھنئو کے کینٹ واقع دلخوش میں جمعہ کو دیوار گرنے سے ہوئے جانے نقصان پر ریاست کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ گورنر نے اپنی پیغام میں اس حادثے پر گہرے دکھ کر اظہار کیا اور مہلوکین کی روح کی تسکین کی دعا کرتے ہوئے مغموم اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے وہیں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے تعزیتی پیغام میں اس واقعہ پر گہرے رنج وغم کا اظہا رکرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے ڈی ایم اورپولیس افسران کو موقع پر پہنچ کر راحت رسانی کا کام شروع کرنے اور زخمیوں کی ہر ممکن علاج کو یقینی بنانے کی تاکید کی ہے ۔یوگی نے وزیر اعلیٰ آفت فنڈ سے مہلوکین کے اہل خانہ کو 4۔4لاکھ روپے کا مالی تعاون دینے اور زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ آج صبح راجدھانی میں گذشتہ 24گھنٹوں سے ہورہی بارش کے دوران کینٹ کے خوشدل علاقے میں ایک دیوار منہدم ہونے سے اس کی زد میں آخر 9افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر دو زخمی ہوگئے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS