تعلیمی اداروں میں ’کامن ڈریس کوڈ‘کے نفاذ کے لئے دائر عرضی خارج :سپریم کورٹ

0

نئی دہلی:سپریم کورٹ نے مرکز، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے اہلکاروں اور طلبا کے لیے یکساں وردی کوڈ (کامن ڈریس کوڈ) نافذ کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کرنے والی مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کرنے سے جمعہ کو انکار کر دیا۔ جسٹس ہیمنت گپتا اور جسٹس سدھانشو دھولیا کی بنچ نے کہاکہ یہ کوئی ایسا معاملہ نہیں ہے، جسے عدالت میں دائر کیاجانا چاہیے۔ عرضی میں جواز پیش کیا گیا تھا کہ یکسانیت قائم کرنے اور بھائی چارے اور قومی اتحاد کو بڑھاوا دینے کے لیے ڈریس کوڈ کو نافذ کیا جانا چاہیے۔ عرضی گزار نکھل اپادھیائے کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل گورو بھاٹیا نے کہا کہ یہ ایک آئینی معاملہ ہے۔ انہوں نے رائٹ ٹو ایجوکیشن (آر ٹی ای) قانون کے تحت سرکاروں کو ہدایت جاری کرنے کی اپیل کی۔ یہ احساس ہو جانے پر کہ بنچ اس مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت نہیں کرنا چاہتی، وکیل نے اسے واپس لے لیا۔ یہ عرضی کرناٹک حجاب تنازع کے پس منظر میں دائر کی گئی تھی۔ جسٹس گپتا کے زیر قیادت یہی بنچ ریاست کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کو ہٹانے سے انکار کرنے والے کرناٹک ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر سماعت کر رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS