جموں وکشمیر کے ریاسی میں ہائی برڈ جنگجو گرفتار، اسلحہ و گولہ بارود بر آمد: پولیس

0

جموں: (یو این آئی) پولیس نے جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی میں ایک ہائی برڈ جنگجو کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ظفر اقبال ولد کریم بخش ساکن بال انگرالہ نامی ایک شخص کو گرفتار کیا جو پاکستانی جنگجو ہینڈلرس کے ساتھ رابطے میں تھا۔بیان میں کہا گیا: ’گرفتار شدہ ہائی برڈ جنگجو کا بھائی محمد اسحاق لشکر طیبہ سے وابستہ جنگجو تھا جس کو راجوری میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک تصادم میں مارا گیا تھا جبکہ اطلاعات کے مطابق اس کا ایک رشتہ دار عبدالرشید ساکن لادھ پاکستان میں ہے اور وہاں جنگجوؤں کے ساتھ کام کر رہا ہے‘۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ پولیس کی ایک ٹیم نے ظفر اقبال کو پلاسو نولہ علاقے سے گرفتار کرکے اس کی پوچھ تاچھ کی۔
انہوں نے کہا کہ دوران پوچھ تاچھ ظفر اقبال نے جنگجوؤں کے ساتھ رابطہ ہونے کے بارے میں اور جرائم انجام دینے کے بارے میں اعتراف کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار شدہ کے انکشاف پر پولیس، فوج کی 58 آر آر اور سی آر پی ایف کی126 بٹالین کی ایک مشترکہ ٹیم نے انگرالہ جنگل میں ایک آپریشن شروع کر دیا جس دوران ایک کمین گاہ سے اسلحہ و گولہ باردو بر آمد کیا گیا۔ بر آمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود میں ایک پستول (گلاک)، چار پستول میگزین، 22 گولیاں اور ایک گرینیڈ شامل ہے۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ ظفر اقبال کے انکشاف پر ایک لاکھ81 ہزار روپیے نقدی بھی بر آمد کئے گئے جس کو ملی ٹنسی سے متعلق سرگرمیوں کے لئے استعمال کرنا تھا۔
دریں اثنا ایس ایس پی ریاسی امت گپتا نے اس کو ایک بڑی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ جنگجو ظفر اقبال ملی ٹنٹ تنظیموں کے ساتھ رابطے میں تھا اور اس کی گرفتاری سے ایک بڑی ملی ٹنٹ کارروائی کو ٹالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہینڈلرس جموں وکشمیر میں ملی ٹنسی کو فروغ دینے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS