دھرم سنسد معاملہ: جتیندر تیاگی کی سی جے ایم کورٹ میں خودسپردگی

0

ہری دوار، (ایجنسیاں):شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی عرف جتیندر نارائن سنگھ تیاگی نے ہریدوار میں منعقدہ مذاہب کی پارلیمنٹ میں ناشائستہ تقریر کے سلسلے میں تین ماہ کی عبوری ضمانت کی مدت پوری کرنے کے بعد جمعہ کو سی جے ایم کورٹ میں خودسپردگی کی۔ عدالت نے جتیندر نارائن تیاگی کو روشن آباد جیل بھیج دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ جیل سپرنٹنڈنٹ منوج کمار آریہ نے بتایا کہ تیاگی سیکورٹی کے نقطہ نظر سے جیل میں الگ بیرک میں رہیں گے۔دھرم سنسد کا انعقاد 17 سے 19 دسمبر 2021 تک شمالی ہریدوار کے وید نکیتن میں ہوا۔ اس میں کئی نامور سنتوں کے علاوہ جتیندر نارائن سنگھ تیاگی نے بھی حصہ لیا۔ تیاگی نے ایک خاص مذہب کے خلاف متنازع تقریر کی تھی، جس کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے 27 دسمبر کو شہر کوتوالی میں مقدمہ درج کیا تھا۔ تیاگی کو پولیس نے 13 جنوری 2022 کو نرسن بارڈر سے گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں اسے عدالت میں پیش کر کے جیل بھیج دیا گیا۔
سپریم کورٹ نے 17 مئی کو جتیندر تیاگی کو طبی بنیادوں پر تین ماہ کےلئے عبوری ضمانت دی تھی۔ ان کے وکیل سدھارتھ لوتھرا نے عدالت کو بتایا تھا کہ تیاگی دل کی بیماری سمیت کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ 29 اگست کو سپریم کورٹ نے تیاگی کو عبوری ضمانت کی مدت پوری ہونے پر 2 ستمبر تک ہری دوار جیل میں خودسپردگی کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ کے حکم پر جیتندر نارائن تیاگی نے جمعہ کو سی جے ایم کورٹ میں خودسپردگی کی۔
جتیندر نارائن تیاگی نے عدالت میں خودسپردگی سے قبل اکھل بھارتیہ اکھاڑہ پریشد کے صدر اور ماں منسا دیوی ٹرسٹ کے صدر مہنت رویندرپوری سے ملاقات کی۔ جب تیاگی شری نرنجنی اکھاڑہ پہنچے تو کئی سنت بھی وہاں پہنچ گئے۔ تیاگی نے کہا کہ جب سے انہوں نے سناتن دھرم اپنایا ہے کچھ لوگ ان کے پیچھے پڑ گئے ہیں اور اس لڑائی میں وہ تنہا ہوگئے ہیں، اس پر کوئی افسوس نہیں ہے۔ سناتن دھرم کو بہت سوچ بچار کے بعد اپنایا گیا ہے۔ تیاگی نے الزام لگایا کہ جوالاپور کے کچھ لوگوں نے انہیں روشن آباد جیل کے اندر قتل کرنے کی سازش رچی تھی، لیکن جیل انتظامیہ کی چوکسی اور سختی یہ کامیاب نہیں ہوئی۔ شری مہنت رویندرپوری نے کہا کہ جتیندر نارائن تیاگی کے جیل جانے سے سنتوں کو دکھ ہوا ہے۔ کہا کہ تیاگی کو ہندو مذہب اختیار کرکے کیا ملا؟ تمام سنتوں کو تیاگی کا ساتھ دینا چاہیے تھا، لیکن سب نے ایسا نہیں کیا۔ کئی سنتوں نے اسے درمیان میں چھوڑ دیا۔ شمبھاوی پیتھادھیشور سوامی آنند سوروپ نے کہا کہ جتیندر نارائن تیاگی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ اس لڑائی میں ہمیشہ تیاگی کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS