نئے گھر کی تعمیر میں ہمیں چند چیزوں بالخصوص پائیداری کو ضرور مدِ نظر رکھنا چاہیے، کیونکہ وہ گھر صرف آپ ہی نہیں بلکہ آنے والی نسلیں بھی استعمال کریں گی۔ یہی وجہ ہے کہ گھر کا ایسا نقشہ بنوانے پر زور دیا جاتا ہے، جس میں گھر کے کمروں کو بڑے سے بڑا رکھا جائے اور مروجہ تعمیراتی قوانین پر بھی سمجھوتا نہ ہو۔ اس کے علاوہ، گھر کی سیکورٹی کو بھی مدِنظر رکھا جاتا ہے۔
جدید گھروں میں قدرتی روشنی اور ہوا کے گزر کے لیے خصوصی انتظامات رکھے جاتے ہیں۔ اور جب بات گھر کو خوبصورت بنانے کی آتی ہے تو یہ کام تعمیر مکمل ہونے کے بعد، گھر کی اندرونی تزئین و آرائش کے وقت کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے، تاہم ہم آپ کو بتائیں گے کہ جہاں گھر کی خوبصورتی کے لیے انٹیریئر ڈیزائننگ انتہائی اہم ہے، وہاں دورانِ تعمیر آپ چند چیزوں پر کام کرکے گھر کی بیرونی دلکشی کو بھی چار چاند لگا سکتے ہیں۔ اس کے لیے چند بنیادی نوعیت کے غور طلب پہلو۔
بیرونی حصہ کی منصوبہ بندی اور تعمیر: گھر کا بیرونی حصہ ڈیزائن کرنا ایک پیچیدہ عمل ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ اِس میں رنگوں، مواد، اور مختلف زاویاتی شکلوں کی بڑی تعداد استعمال ہوتی ہے۔ صرف کوئی معمار ہی یہ ذمہ داری صحیح طریقے سے نبھا سکتا ہے۔
تعمیراتی انداز کا انتخاب:پہلا قدم گھر کے بیرونی حصے کا انداز چننا ہوتا ہے۔ ایک بار آپ نے یہ فیصلہ کر لیا کہ آپ جدید، دیہی اور گھریلو انداز میں سے کون سا انداز چاہتے ہیں تو اس کے بعد باری آتی ہے مواد چننےکی۔ آپ کے پاس اینٹیں، سیمنٹ، لکڑی، لوہا اور اِس کے علاوہ بھی بہت سے انتخابات موجود ہیں، جن میں سے آپ ایک یا زائد کوچُن سکتے ہیں۔ ایک بار جب آپ ان تمام بنیادی عوامل پر غور کرلیں، تو اس کے بعد اب باری آتی ہے کہ آپ اپنی سوچ کو عملی شکل دینا شروع کریں۔
داخلی دروازہ:کسی بھی گھر میں داخل ہونے کے لیے ہم بیرونی دروازے کا استعمال کرتے ہیں۔ آج کے جدید دور میں عام طور پر بیرونی دروازے پر دو گیٹ استعمال کیے جاتے ہیں۔ ایک چھوٹا گیٹ پیدل گزرنے والوں کے لیے اور دوسرا بڑا گیٹ گاڑی وغیرہ گزارنے کے لیے۔ بیرونی داخلی دروازہ نہ صرف آپ کے مہمانوں کو متاثر کرتا ہے، بلکہ گھر کے سامنے سے گزرنے والے تمام لوگوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ آپ بیرونی داخلہ دروازے کے لیے لکڑی کے دروازے کا انتخاب کریں یا پھر لوہے کا، اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ اس کا سائز اور ڈیزائن ایسا ہو کہ یہ کسی محل کا نظارہ دے۔
بیرونی دیوار کے لیے خوبصورت مواد کے انتخاب سے آپ اپنے گھر کے بیرونی حصے کو دلکش اندازفراہم کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے مارکیٹ میں نت نئے اسٹائل کا تعمیراتی مواد موجودہے، جیسا کہ مختلف نوعیت کا پتھر، پتھر کی اینٹیں یا بھٹی میں پکی ہوئی لال اینٹیں وغیرہ۔
ہریالی کو جگہ دیں:گھر کے بیرونی حصے کو مزید خوشگوار اوردلفریب بنانے کے لیےاس میں خوبصورت پھولوں والے پودے لگائیں۔ مرکزی دروازے کے ساتھ سر سبز پودے کا گملا سجادیں۔ یہ بیرونی ماحول میں ایک دلکش قدرتی اضافہ کرے گا۔ اگر گھر کے مرکزی دروازے کے ساتھ جگہ موجود ہو تو ایک چھوٹی سی پھولوں کی کیاری ڈیزائن کریں، جس میں لگے رنگ برنگے دلکش پھول آنے والے مہمانوں پر ایک اچھا اور خوشگوار تاثر چھوڑیں گے۔
چھت کی تعمیر اور انداز:اپنے گھر کی بیرونی وضع کو نمایاں اور خوبصورت بنانے کے لیے اس کے ڈیزائن میں انوکھا پن لائیں جو کہ دیکھنے والوں کے لیے کشش رکھتا ہو۔ اپنے گھر کی چھت کو تکونی شکل میں ڈیزائن کریں، جو کہ ایک جدید اور منفرد اسٹائل ہے۔ اس قسم کی چھت کے اسٹائل میں بالکونی میں کھڑے ہو کر قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایک مناسب خالی جگہ چھوڑ دیں، جو نہ صرف گھر کی بناوٹ میں دلکشی پیدا کرے گی بلکہ اس سے یہ ایک منفرد اسٹائل کی صورت اختیار کر جائے گا۔
دیہی اسٹائل:اپنے گھر کی بناوٹ میں آپ دیہی اسٹائل کو بھی اپناسکتے ہیں۔ گھر کی بنیادوں میں پتھر کا استعمال کریں۔ اس سے گھر مضبوط ہونے کے ساتھ دیہی اسٹائل میں بھی ڈھل جائے گا۔ گھر کے برآمدہ کو لکڑی کے تختوں سے ڈھانپ دیں اور اسے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے استعمال کریں۔ برآمدے کے کناروں پر بید کی بنی باڑ استعمال کریں اور اسے قدرتی رنگ دینے کے لیے ان پر خوبصورت پودوں والے گملے لٹکائیں۔
پُرتعیش ڈیزائن:اس ماڈل میں سادہ مگر پُرتعیش ڈیزائن کو اپنایا جاتا ہے۔ گھر میں داخل ہونے کے لیے خوبصورت سیڑھیوں کا استعمال کریں۔ سیڑھیوں کو دلکش آہنی ریلنگ سے مزین کرکے خوبصورتی کو چار چاند لگایا جاسکتا ہے۔ برآمدے کی چھت پر ہلکے نیلے رنگ کا استعمال اسے نہایت دیدہ زیب بنا دے گا۔ گھر میں داخلے کے لیے سرکنے والے شیشوں کے دروازوں کا استعمال اسے جدت پذیر اور پُرتعیش بنا سکتا ہے۔ گھر میں قدرتی آب وہوا سے لطف اٹھانے کے لیے آپ خوبصورت لان بھی ترتیب دے سکتے ہیں۔
گھر کی تعمیر میں کن امور کا خیال رکھیں؟
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS