چنڈی گڑھ (نعیم خان؍ ایس این بی) : ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال نے ریاست کے مویشی پالنے والوں سے اپیل کی اور کہا کہ لمپی اسکن بیماری (ایل ایس ڈی) سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس بیماری کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایل ایس ڈی وائرس کی انسانوں میں منتقلی سے متعلق افواہوں کی وضاحت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مویشی پالنے والے اس بیماری سے خوفزدہ نہ ہوں کیونکہ یہ بیماری انسانوں میں نہیں پھیلتی ہے۔ اس لیے بیمار جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے مویشی مالکان کے لیے خوف کی کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 کی طرح ہریانہ بھی ایل ایس ڈی کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے مشن موڈ پر کام کر رہا ہے۔ ایل ایس ڈی کے کنٹرول کے لیے ہر سطح پر ویکسین کی مناسب دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اب تک 2,45,249 گایوں کو اس بیماری سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ اس کے موثر کنٹرول کے لیے متعلقہ افسران کے ساتھ باقاعدگی سے میٹنگیں کی جارہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ایل ایس ڈی کو کنٹرول کرنے کے لیے جانوروں کے زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے۔ اس کے تحت جانوروں کا مفت ویکسی نیشن کیا جا رہا ہے۔ تقریباً 20 لاکھ جانوروں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس بیماری سے اموات کی شرح بہت کم ہے یعنی صرف 1 سے 5 فیصد۔ خاص طور پر وہ جانور جو پہلے ہی دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں، ان کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ بیماری کے شروع میں علاج کروانے کے بعد اس مرض میں مبتلا جانور 2 سے 3 دن میں مکمل صحت مند ہو جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس وقت ریاست کے 3497 گاؤں میں 52,544 جانور اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے 29,104 جانور صحت مند ہو چکے ہیں۔ اب تک 633 جانور مر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کی 286 گئوشالائوں میں سے 7938 گائیں اس بیماری میں مبتلا ہیں۔ ان میں سے 126 گائیں مر چکی ہیں۔ شرح اموات 1.2 فیصد ہے۔ وزیراعلیٰ نے مویشی مالکان کو ایل ایس ڈی کی بیماری سے بچاؤ کے لیے فوگنگ کرانے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو مکھیوں اور مچھروں پر قابو پانے کا مشورہ بھی دیا جا رہا ہے جو کہ بیماری کے پھیلاؤ کے بڑے عوامل ہیں اس لیے جانور پالنے والوں کو صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مردہ جانوروں کو 8 سے 10 فٹ کی گہرائی میں دفنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے چیف پرنسپل سکریٹری ڈی ایس ڈھیسی، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری وی اوماشنکر، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر امت اگروال اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سکریٹریز موجود تھے۔
کووڈ-19 کی طرح ہریانہ حکومت ایل ایس ڈی بیماری پر قابو پانے کیلئے مشن موڈ پر کام کر رہی ہے : منوہر لال
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS