نئی دہلی: (یو این آئی) حکومت نے مبینہ طورپروزارت دفاع کے نام سے جاری اس خط کو جعلی قراردیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ یکم جنوری 2019 کے بعد ٹریننگ مکمل کرنے والے اورآئندہ یکم جولائی تک نائک یا مساوی رینک پر ترقی نہ دئے جانے والے جوانوں کو اگنی پتھ اسکیم کے تحت لایا جائے گا۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت پریس انفارمیشن آفس نے پیر کو ایک ٹویٹ میں صورتحال واضح کی ہے اوراپنے ٹویٹ کے ساتھ اس خط کو پوسٹ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ مکمل طور پر غلط اور جعلی ہے۔ دفتر کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر وزارت دفاع کے نام جاری کیا گیا یہ خط جعلی ہے کیونکہ وزارت دفاع نے اس حوالے سے کوئی خط جاری نہیں کیا۔ 17 جون کو جاری کردہ اس مبینہ خط میں لکھا گیا ہے کہ یکم جنوری 2019 کے بعد تربیت مکمل کرنے والے اور آئندہ یکم جولائی تک نائک یا اس کے مساوی رینک پر ترقی نہ دئے جانے والے جوانوں کو اگنی پتھ اسکیم کے تحت ہی رکھا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت کی طرف سے 14 جون کو اعلان کردہ اس اسکیم کی ملک بھر میں مخالفت ہو رہی ہے۔ اس کے تحت بھرتی ہونے والے اگنی ویروں کو صرف چار سال تک فوج میں رکھا جائے گا۔