اگنی پتھ اسکیم کے خلاف جموں میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے مظاہرئے

0

جموں: (یو این آئی) جموں صوبے میں پیر کے روز ’اگنی پتھ ‘اسکیم کے خلاف کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرئے کئے اور جلوس نکالا ۔
پولیس نے جلوس میں شامل شرکاء کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد اُن کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار کے مطابق ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی میں بھی پیر کے روز اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ کانگریس کارکنوں اور لیڈران کی ایک بڑی تعداد نے جموں میں احتجاجی جلوس نکالا جس دوران اگنی پتھ اسکیم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔اس موقع پر مظاہرین نے بتایا کہ اگنی پتھ اسکیم نوجوان مخالف ہے لہذا اس کو فوری طورپر واپس لینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم میں کئی خامیاں ہیں اور پورے ملک میں نوجوان اس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
اُن کے مطابق موجودہ مرکزی حکومت نوجوان مخالف پالیسیاں سامنے لار ہی ہیں۔دریں اثنا عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے بھی پیر کے روز جموں میں احتجاجی جلوس نکالا۔
پولیس نے عاپ کے جموں کنونیر اوم پرکاش کھجوریہ کو میران صاحب میں احتجاج سے قبل ہی احتیاطی طورپر حراست میں لیا۔
پارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ کارکنوں نے گرفتاریوں کے باوجود بھی جلوس نکالا ۔انہوں نے بتایا کہ ماضی میں جس طرح سے فوج میں بھرتیاں عمل میں لائی جاتی تھی وہی پالیسی مستقبل میں بھی جاری رہنی چاہئے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS