ممبئی(یو این آئی) : ہندوستانی مرد کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز کے ایل راہل کمر کی انجری کے سبب دورہ انگلینڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔ کرک بز نے جمعرات کو یہ معلومات دی۔ کرک بز کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے کے ایل راہل کو ان کی کمر کی چوٹ کے علاج کے لیے جرمنی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کی وجہ سے وہ دورہ انگلینڈ میں شامل نہیں ہو سکیں گے جہاں ہندوستان کو سات میچ کھیلنے ہیں۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کرک بز کو بتایاکہ یہ اطلاع درست ہے ۔ بورڈ ان کی صحت پر کام کر رہا ہے اور وہ جلد ہی جرمنی جائیں گے ۔راہل اس مہینے کے آخر یا جولائی کے شروع میں جرمنی کے لیے پرواز کر سکتے ہیں۔ جرمنی میں علاج کا مطلب یہ ہے کہ راہل انگلینڈ کے دورے کے لیے ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکیں گے ، جہاں ٹیم کو ایک ٹیسٹ میچ(1-5 جولائی) اور چھ محدود اوور کے میچ کھیلنے ہیں۔
راہل کو سات میچوں کی سیریز میں نائب کپتان نامزد کیا گیا تھا، جن میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے شامل تھے ، لیکن اب ہندوستانی سلیکٹرز کو روہت شرما کے نائب کے لیے نیا نام منتخب کرنا ہوگا۔
جمعرات کی صبح ہندوستانی ٹیم ایجبسٹن ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ روانہ ہوئی جس میں بظاہر راہل شامل نہیں تھے ۔ خیال رہے کہ راہل نے اس سال فروری کے بعد سے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا ہے ، حالانکہ انہوں نے آئی پی ایل 2022 میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی کپتانی کی تھی۔
کے ایل راہل انگلینڈ کے دورے سے باہر علاج کے لیے بیرون ملک جائیں گے
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS