بس کو ٹرک نے ٹکر ماری، چار افراد کی موت، دس سے زائد زخمی

0

بڈوانی: (یو این آئی)مدھیہ پردیش کے بڈوانی ضلع کے ٹھکری تھانہ علاقے کے تحت آگرہ ممبئی نیشنل ہائی وے پر کھڑی مسافر پرائیویٹ بس کو پیچھے سے ٹرک کے ٹکر مار دینے سے پانچ سالہ بچی سمیت راجستھان میں رہنے والے چار افراد کی موت اور دس دیگر زخمی ہوگئے۔ ڈی ایس پی کندن سنگھ منڈلوئی نے بتایا کہ آگرہ ممبئی نیشنل ہائی وے پر باروپھاٹک کے مقام پر گزشتہ رات ایک منی ٹرک کے ایک بس سے ٹکرا جانے سے 5 سالہ بچی سمیت چار افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ راجستھان کے بھیلواڑہ اور دیگر علاقوں سے مسافروں کو مہاراشٹر کے پنے علاقے لے جارہی نجی مسافر بس کا ٹائر بارو پھاٹک کے نزدیک پنچر ہو گیا۔ بس ڈرائیور آگرہ-ممبئی قومی شاہراہ فور لین پر ڈیوائیڈر کے پاس کھڑا ہو کر بس کا ٹائر بدل رہا تھا۔ اسی دوران کئی مسافر گرمی کی وجہ سے بس سے نیچے اتر کر ڈیوائیڈر پر بیٹھ گئے۔
اچانک پیچھے سے آنے والے ایک منی ٹرک نے بس کو ٹکر مار دی جس سے بس آگے بڑھی اور باہر بیٹھے لوگ اس کی زد میں آگئے۔ انہوں نے بتایا کہ بس کے اندر بیٹھے لوگوں کو زیادہ چوٹ نہیں آئی۔
واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیور بھی پھنس گیا تھا جسے بعد میں بچا لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو تھیکری کے اسپتال لایا گیا ہے۔ وہاں 3 لوگوں کو مردہ قرار دے دیا گیا، جب کہ ایک کی آج ضلع اسپتال میں موت ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ راجستھان کے سیملیا کے 30 سالہ بگا ڈانگی اور اس کی 5 سالہ بیٹی، 35 سالہ کملیش مینا اور ایک دیگر 30 ​​سالہ مرد کی موت ہوئی ہے۔
ٹھکری کے اسٹیشن انچارج اجے راجوریا نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور راحتی کام شروع کردیا گیا۔ کرین اور جے سی بی کی مدد سے بس اور ٹرک کو قومی شاہراہ سے الگ کرکے ٹریفک کو ہموار کیا گیا۔ آج بڈوانی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپک کمار شکلا بھی موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS