نئی دہلی (ایس این بی ) : دہلی کے شمال مشرقی علاقے کے یمنا وہار سے مجلس پارک تک میٹرو ریل کے چوتھے فیز کے ریل لائن کے تعمیری کام اور فلائی اوور کے کام کے چلتے وزیرآباد روڈ پر گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے، جس میں ٹریفک پولیس کی لاپرواہی صاف نظر آتی ہے۔ کئی مقامات پر سڑک چوڑی ہونے کے باوجود لوگ گھنٹوں جام میں پھنسے رہتے ہیں، اس کی سب سے بڑی وجہ ٹریفک پولیس کی غفلت ہے، دہلی سمیت این سی آر علاقے میں اس وقت شدید گرمی کا دور جاری ہے اور اس شدید گرمی میں تھوڑی دیر بھی ٹریفک جام میں کھڑے رہنا بھی جہنم جیسا ہے، لیکن اس روڈ پر ٹریفک پولیس والے دور دور تک نظر نہیں آتے جو اس جام کو کھلوا کر لوگوں کو ٹریفک جام سے راحت دلا سکیں۔ اوور ٹیک کرکے گاڑی چلانے والے غلط طریقے سے گاڑی چلاتے رہتے ہیں اور لوگ اپنی جان کی پرواہ کیے بنا اپنی مرضی کے مطابق گاڑی چلاتے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک مزید جام ہو جاتا ہے اور ٹریفک پولیس اپنا کام کرنے کی بجائے وزیرآباد روڈ سے غائب رہتی ہے۔
واضح رہے کہ گوکل پوری وزیرآباد روڈ پر پی ڈبلیو ڈی اور دہلی میٹرو ریل کارپوریشن مشترکہ طور پر سگنیچر برج کھجوری چوک سے لے کر ہرش وہار بھوپورہ دہلی یوپی سرحد تک سگنل فری فلائی اوور اور یمنا وہار سے مجلس پارک تک میٹرو لائن ڈالے جانے کا کام کر رہی ہے ، جس کی وجہ سے دونوں طرف کی سڑک کافی تنگ ہو گئی ہے لیکن سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں پر دہلی ٹریفک پولیس کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ جس کی وجہ سے راہگیر پریشان رہتے ہیں، حالت یہ ہے کہ ایمبولینس گھنٹوں جام میں پھنسی رہتی ہے، ڈیوٹی پر جانے والے افراد کئی گھنٹے کی تاخیر سے اپنے کام پر پہنچتے ہیں۔ میٹرو ملازمین جتنا ممکن ہو ٹریفک کو کنٹرول کرتے ہیں لیکن ٹریفک پولیس کا کنٹرول کہیں نظر نہیں آتا۔ اگر ٹریفک پولیس اپنی ڈیوٹی بخوبی نبھائے اور گاڑیوں کو کنٹرول کرے تو لوگ اس پریشانی سے بچ سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS