جرمنی نے اٹلی کو 5-2سے شکست دی، نیدرلینڈ نے ویلز کو 3-2سے ہرایا
وولور ہیمپٹن(ایجنسیاں) : ہنگری نے یوئیفا نیشنز لیگ کے گروپ میچ میں انگلینڈ کو بدترین شکست سے دوچار کرتے ہوئے 4-0سے روند دیا۔ انگلینڈ کی یہ شکست 1928کے بعد ان کے ہوم گرائونڈ پر بدترین شکست ہے۔ منگل کی دیر رات کھیلے گئے اس میچ میں ہوم ٹیم کی ذلت آمیز شکست سے شیدائیوں کو انتہائی مایوسی ہوئی اور انہوں نے اپنے غصے کا اظہار بھی کیا۔ گزشتہ سال یورپی چمپئن شپ کے فائنل میں اٹلی کے ہاتھوں شکست کھانے والی ٹیم کی اس شکست نے سب کو حیران کردیا ہے اور ورلڈکپ سے قبل اس کی کارکردگی پر سوال کھڑے ہوگئے ہیں۔ میچ کے پہلے ہاف میں انگلش ٹیم کچھ جدوجہد ضرور کرپائی لیکن دوسرے ہاف میں ہنگری کا مکمل دبدبہ رہا اور اس دوران انہوں نے تین گول داغے۔ ہنگری کے لیے رولینڈ سالائی نے میچ کے 16ویں اور 70ویں منٹ میں گول کیا جبکہ جسولٹ ناگی نے 10 منٹ بعد تیسرا گول کیا وہیں ہنگری کی جانب سے چوتھا گول ڈینیئل گزڈگ نے89ویں منٹ میں کیا۔ 94 سال قبل اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں5-1سے شکست کے بعد یہ انگلینڈ کی ہوم سرزمین پر سب سے بڑی شکست ہے۔انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے کہا ’’کئی سالوں میں یہ ہماری پہلی بڑی شکست ہے۔ ہمیں اسے بھول کر آگے بڑھنا ہو گا۔‘‘میچ کے 82ویں منٹ میں انگلینڈ کے کھلاڑی جان اسٹون کو سرخ کارڈ دیکھا کر میدان سے باہر کردیا گیا ۔اس میچ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم چار میچوں میں صرف دو پوائنٹس حاصل کرکے سب سے نچلے چوتھے مقام پر ہے جبکہ ہنگری 7پوائنٹس کے ساتھ لیگ اے گروپ تھری میں ٹاپ پوزیشن پر ہے۔
دوسری طرف اسی گروپ کے ایک اور میچ میں جرمنی نے یورپی چمپئن اٹلی کو 5-2سے شکست دی۔ ہوم گرائونڈ میں کھیلنے والی جرمنی کی ٹیم کا دبدبہ پورے میچ میں رہا۔ ایک وقت جرمن کی ٹیم پانچ صفر سے آگے تھی لیکن اٹلی نے 79ویں اور انجوری ٹائم کے آخری لمحات میں گول کرکے شکست کی مارجن کو کم کیا۔
ادھر نیشنز لیگ کے ایک اور میچ میں نیدر لینڈ نے دلچسپ مقابلے میں ویلز کو 3-2سے شکست دے دی۔ انجوری ٹائم کے دوسرے منٹ گراتھ بیل نے پنالٹی پر گول کرکے اسکور 2-2کردیا تھا اور ایسا لگ رہا تھا کے میچ ڈرا ہوجائے گا لیکن دوسرے ہی منٹ میفس ڈیفے نے شاندار گول کرکے ٹیم کو پورے تین پوائنٹس دلادیئے۔ اس جیت کے ساتھ نیدرلینڈ 10پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست مقام پر ہے جبکہ اس گروپ میں بیلجیم کی ٹیم 7پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔پولینڈ چار پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور ویلز ایک پوائنٹ حاصل کرکے سب سے نچلے مقام پر ہے۔
نیشنز لیگ :انگلینڈ کی بدترین شکست، ہنگری نے 4-0سے روندا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS