بی جے پی نے کانگریس کا کچرا اٹھا لیا: مالویندر سنگھ

0

بدعنوانی کے الزامات پر مقدمہ چلانے سے بچنے کیلئے بی جے پی میں شمولیت
چنڈی گڑھ (ایس این بی) : عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے کانگریس کے چار سابق وزراکے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت کے بعد اس ’سوئچ اوور‘ کے لیے کانگریس لیڈروں کو ’موقع پرست‘ قرار دیا۔ AAP پنجاب کے چیف ترجمان مالویندر سنگھ کانگ نے کہا کہ کانگریس لیڈر اپنے خلاف بدعنوانی کے الزامات پر مقدمہ چلانے سے بچنے کے لیے بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مالویندر سنگھ کانگ نے کہا کہ بی جے پی کی طرف سے کانگریس کے ’کچڑے‘ کو شامل کرنا بی جے پی کی دوہری پالیسی کو بے نقاب کرتا ہے۔ کانگ نے کہا کہ کانگریس کے سابق وزرا راج کمار ویرکا، بلبیر سنگھ سدھو، گرپریت سنگھ کنگر اور سندر شام اروڑہ ہفتہ کو بی جے پی صدر اشونی شرما کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔
بی جے پی پارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کانگ نے کہا کہ یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ ریاست میں ڈرگ مافیا اور ریت مافیا کی سرپرستی کرکے پنجاب کے مستقبل کو تباہ کرنے والے کانگریس لیڈر سیاسی فائدے کے لیے بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ بی جے پی لیڈران بھی ان کا پارٹی میں تہہ دل سے خیرمقدم کر رہے ہیں۔کانگ نے واضح کیا کہ چیف منسٹر بھگونت مان کی سربراہی والی اے اے پی حکومت بدعنوان لیڈروں کو نہیں بخشے گی۔ آپ کی حکومت پنجاب کے عوام کو دھوکہ دینے والے تمام بدعنوان لیڈروں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور انہیں جیل بھیجے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر صحت بلبیر سدھو کو کووڈ-19 کٹس کا ٹھیکہ نجی کمپنیوں کو دینے میں مبینہ بدعنوانی کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔ اسی طرح اروڑا، کنگر اور ویرکا کو بھی کرپشن کے سنگین الزامات کا سامنا تھا جب وہ کانگریس میں وزیر تھے۔کانگ نے کہا کہ بی جے پی میں شامل ہونے والے ویرکا وہی لیڈر تھے جنہوں نے پنجاب کو کمزور کرنے کی کوشش کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو دلت مخالف اور کسان مخالف کہا تھا۔ کانگ نے کہا کہ کانگریس کے یہ تمام سابق لیڈر بدعنوانی کے الزامات میں ملوث ہیں۔ بی جے پی بھی ان لیڈروں پر پنجاب کے مستقبل کو خراب کرنے کا الزام لگاتی رہی ہے۔ کانگ نے مرکزی وزیر امیت شاہ سے سوال کیا اور پوچھا کہ کیا یہ لیڈر زعفرانی پارٹی میں شامل ہونے کے ایک دن بعد بی جے پی کے لیے سچے اور قابل بھروسہ ہو گئے ہیں۔ کانگ نے کہا کہ آپ کی حکومت ہمیشہ پنجاب اور پنجابیوں کی ترقی کے لیے کام کرے گی۔ حکومت کرپشن اور پنجاب دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کو کسی قیمت پر نہیں بخشے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS