کشمیر:4 روز کے دوران 12جنگجواور 2 اہلکارکی موت :پولیس

0

سری نگر (یو این آئی) : وادی کشمیر میں پچھلے چار روز کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں میں 12ملی ٹینٹ مارے گئے جبکہ اس دوران فوجی پورٹر اور پولیس اہلکار بھی از جان ہوئے ہیں۔ آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔ پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ سرگرم ملی ٹینٹوں اور اُن کے مدد گاروں کے خلاف آپریشن کا دائرہ وسیع کیاگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے چار روز کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں میں چھ غیر ملکیوں سمیت 12جنگجو مارے گئے ۔ اُن کے مطابق 25 مئی 2022 کو مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ضلع بارہ مولہ کے مختلف علاقوں میں ناکہ چیکنگ کا جال بچھایا جس دوران کریری بارہ مولہ میں اچانک ہوئے تصادم کے دوران تین غیر ملکی جیش ملی ٹینٹ اور ایک پولیس اہلکار ازجان ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ 26 مئی کے روز کپواڑہ کے جمہ گنڈ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا اور اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین تصادم چھڑ گیا۔ انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تین غیر ملکی جنگجو مارے گئے جبکہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی پورٹر بھی جان گنوا بیٹھا۔ پولیس آفیسر کے مطابق 27 مئی کی شام کو سلامتی عملے نے اونتی پورہ کے اگانزی پورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران وہاں پر محصور ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین تصادم شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ میں دو ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت شاہد مشتاق بٹ ساکن ہفرو چاڈورہ اور فرہان حبیب ساکن ہکری پورہ پلوامہ کے بطور ہوئی اور دونوں ٹی وی آرٹسٹ کے قتل میں براہ راست ملوث تھے ۔
سینئر پولیس آفیسر نے بتایا کہ اسی روز صورہ سری نگر میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں شاکر احمد وازہ اور آفرین آفتاب ساکنان ترنز شوپیاں مارے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ 28 مئی کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین شیتی پورہ بجبہاڑہ میں مختصر تصادم آرائی کے دوران دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی بعد میں شناخت اشفاق احمد گنائی ساکن چیک گنڈ اننت ناگ اور یاور ایوب ڈار ساکن ڈوگری پورہ اونتی پورہ کے بطور ہوئی ہے ۔ دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ سرگرم ملی ٹینٹوں اور اُن کے معاونت کاروں کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے چار روز کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں میں 12ملی ٹینٹ جن میں چھ غیر ملکی شامل ہیں مارے گئے اور اُن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS