بی جے پی میئر نے پھر فنڈ نہ ہونے کا رونا رویا :مشرقی دہلی کارپوریشن

0

نئی دہلی (ایس این بی ) : مشرقی دہلی کارپوریشن کے بی جے پی میئر شیام سندر اگروال جاتے جاتے بھی فنڈ نہ ہونے کے معاملے میں دہلی حکومت پر الزام عائد کرنے میں مصروف نظر آرہے ہیں لیکن 15 سالوں سے کارپوریشن اقتدار پر قابض بی جے پی کی خامیوں پر نظر نہیں ڈالنے کی کوشش بھی نہیں کر رہے ہیں، آج بھی انہوں نے پھر سے دہلی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے دہلی حکومت کو کارپوریشن ملازمین کا دشمن قرار دیا ہے. میئر شیام سندر اگروال کا کہنا ہے کہ مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن اپنے ملازمین کو پچھلے پانچ ماہ سے تنخواہ نہیں دے پا رہی ہے، جس کی بڑی وجہ دہلی حکومت ہے۔
جس کی وجہ سے کارپوریشن کے ڈاکٹر، نرسیں، اساتذہ، صفائی کرنے والے اور دیگر ملازمین شدید مالی بحران سے گزر رہے ہیں۔ دہلی حکومت میں حساسیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ ملازمین اپنے گھر اور گاڑی کی ای ایم آئی تک نہیں دے پا رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے انہیں فنانس کمپنی کی طرف سے مسلسل نوٹس مل رہے ہیں۔ ملازمین کے گھر کا چولہا جلنا بند ہو گیا ہے، دکانداروں نے راشن دینا بند کر دیا ہے لیکن دہلی حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ دہلی حکومت بے حس ہو چکی ہے اور چاہتی ہے کہ دہلی میونسپل کارپوریشن میں کام کرنے والے ملازمین بھوک سے مر جائیں۔
میئر نے کہا کہ مشرقی کارپوریشن کے اہلکار دہلی حکومت کو خطوط کے ذریعے مسلسل مطلع کر رہے ہیں، لیکن وہ ماضی کے واجبات نہیں دے رہی ہے۔ اس میں بی ٹی اے کے 216.20 کروڑ، یو ڈی کے 47.25 کروڑ، صحت کے 19.45 کروڑ، تعلیم کے 90.25 کروڑ، مجموعی طور پر 373.16 کروڑ روپے کی پہلی قسط دہلی حکومت کو دینی ہے، جو اپریل ماہ کے پہلے ہفتے میں آنی چاہیے تھی۔ لیکن دہلی حکومت کے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ جان بوجھ کر فائلوں کو لٹکانے میں لگے ہوئے ہیں۔ میئر شیام سندر اگروال نے اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر کو ایک لیٹر بھی لکھنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS