سنگم وہار علاقہ میںچلائے گئے بلڈوزر، شاہین باغ کالندی کنج مین روڈ کی باری آج
اظہار الحسن
نئی دہلی (ایس این بی) : بی جے پی کے زیر اقتدار جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے بدھ کومختلف علاقوں سے انکروچمنٹ ہٹانے کے خلاف مہم شروع کی۔ ایس ڈی ایم سی کی یہ کارروائی شاہین باغ سمیت اس کے دائرہ اختیار کے علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کے10 روزہ ایکشن پلان کا حصہ ہے۔ ایس ڈی ایم سی کے چیئر مین (سینٹرل زون) راج پال سنگھ نے بتایا کہ آپریشن میں بلڈوزر کا استعمال کیا جا رہا ہے اور یہ آپریشن سنگم وہار علاقہ میں ایم بی روڈ پر کرنین سنگھ شوٹنگ رینج سے شروع ہوا ہے اور مختلف علاقوں میں 13 مئی تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم شاہین باغ مین روڈ، کالندی کنج، ایم بی روڈ، مہر چند مارکیٹ، سرینواس پوری اور کھڈا کالونی میں چلائی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ اوکھلا اسمبلی حلقہ کے شاہین باغ میں5اور 9مئی کو انکروچمنٹ کے خلاف بلڈوزر چلانے کے نوٹس کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر چہ می گوئیاں شروع ہوگئی ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ دیگر علاقوں میں بی جے پی کے زیر اقتدار کارپوریشن کے ذریعہ بلڈوزر چلانے کا مقصد صرف اتنا ہے تاکہ وہ یہ پیغام دے سکے کہ دہلی کے سبھی علاقوں میں بلڈوزر چلایا جا رہا ہے۔ ایس ڈی ایم سی کے سینٹرل زون کے اسسٹنٹ کمشنر کے دستخط سے جاری نوٹس میں 30اپریل سے 13مئی تک کل 9 علاقوں میں انکروچمنٹ کے خلاف بلڈوزر چلانے کی بات کہی گئی ہے ۔اس نوٹس میں 5مئی کو کالندی کنج مین روڈ ،کالندی کنج پارک اور جامعہ نگر پولیس اسٹیشن تک انکروچمنٹ کے خلاف بلڈوزر چلانے کے لیے کہا گیا ہے ۔اسی طرح 9مئی کو مین روڈ شاہین باغ سے جسولہ کینال ٹو کالندی کنج روڈ پر بلڈوزر چلانے کی بات کہی گئی ہے۔
اس موقع پر راج پال سنگھ نے صحافیوں کو بتایاکہ ہم نے شاہین باغ سمیت ان علاقوں سے انکروچمنٹ ہٹانے کے لیے 10 روزہ ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ ہم نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ آپریشن کو انجام دینے کے لیے مناسب تعداد میں پولیس اہلکار مہیا کیے جائیں۔ ہم 9 مئی کو شاہین باغ میں مہم شروع کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ کالندی کنج،شاہین باغ اور سرینواس پوری میںبالترتیب 5 اور 6 مئی کو انکروچمنٹ ہٹا دیے جائیں گے۔ 10 مئی کو گرودوارہ روڈ نزد نیو فرینڈز کالونی کے پاس مہم چلائی جائے گی۔ مہم 11 مئی کو مہر چند مارکیٹ، سائی بابا مندر کے قریب لودھی کالونی اور جے ایل این میٹرو اسٹیشن کے قریب چلائی جائے گی۔ایس ڈی ایم سی کے ایک اور افسر نے کہاکہ یہ غیر قانونی انکروچمنٹ ہٹانے کا ہمارا باقاعدہ منصوبہ ہے۔ تمام کارروائی کا انحصار پولیس فورس کی دستیابی پر بھی ہوگا۔
قابل ذکرہے کہ شاہین باغ ایس ڈی ایم سی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے اور دسمبر 2019 میں اس علاقے میں شہریت کے ترمیم شدہ قانون کے خلاف ایک طویل دھرنا دیا گیا تھا۔ یہ دھرنا مظاہرہ مارچ 2020 میں کووڈ کی وبا پھیلنے کے بعد ختم ہوا۔ واضح رہے کہ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) نے جہانگیر پوری علاقہ میں فرقہ وارانہ تشدد کے 4 دن بعد غیر قانونی انکروچمنٹ ہٹانے کی مہم شروع کی تھی جس کی بڑے پیمانے پر تنقید ہوئی۔ سپریم کورٹ نے این ڈی ایم سی کو اسٹیٹس برقرار رکھنے کا حکم دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS