آشیش مشر کی خودسپردگی، عدالت نے جیل بھیجا

0

لکھیم پور کھیری،(یواین آئی) : سپریم کورٹ سے ضمانت کی منسوخی اور ایک ہفتے کے اندر عدالت میں خودسپردگی کے فیصلے کے بعد لکھیم پور تشددکے کلیدی ملزم و مملکتی وزیر داخلہ اجے مشر کے بیٹے آشیش مشرنے آج مقامی عدالت میں خودسپردگی کردی جہاں سے اسے جیل بھیج دیا گیا۔ذرائع کے مطابق آشیش مشرنے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے سامنے خودسپردگی کی، جہاں سے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے طے کئے گئے وقت مقررہ سے ایک دن پہلے ہی آشیش نے خودسپردگی کردی۔ قابل ذکر ہے کہ 18اپریل کو سپریم کورٹ نے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے ذریعہ ضمانت پر رہا ہونے والے مشر کی ضمانت منسوخ کردی تھی۔لکھیم پور تشدد کے ملزمین نے عدالت عظمیٰ میں ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے پرسخت موقف اپناتے ہوئے اسے جلدی کیا گیا فیصلہ قرار دیتے ہوئے اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔
چیف جسٹس این وی رمن کی قیادت میں 3 رکنی بنچ اپنا فیصلے سناتے ہوئے مشر کو ہدایت دی تھی کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر عدالت میں خودسپردگی کریں۔ عدالت نے الٰہ آباد ہائی کورٹ سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت دیکھے کہ آیا ملزم کو ضمانت دی جانی چاہئے ؟سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ ’ہائی کورٹ نے ضمانت عرضی منظور کرنے میں غیر مربوط حقائق پر غور کیا اور ضمانت دینے میں غیر ضروری جلدبازی کا مظاہرہ کیا ہے‘۔

سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ متاثرین کی اس عرضی پر سماعت کے بعد آیا ہے، جس میں انہوں نے عدالت عالیہ سے کلیدی ملزم کی ضمانت عرضی منسوخ کرنے کی استدعا کی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS