کولکاتا کو شکست دے کر گجرات ٹاپ پر

0

مسلسل چوتھی شکست کے بعد کے کے آر کی پوزیشن خراب، رسل کی محنت رائیگاں
ممبئی (ایجنسیاں) : آئی پی ایل 2022 کے 35ویں میچ میں گجرات ٹائٹنز نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو 8 رنز سے شکست دے دی۔ کے کے آر کو 157 رنز کا ہدف ملا تھا جس کے جواب میں ٹیم8وکٹ پر 148رنز ہی بنا سکی اور میچ ہار گئی۔ کے کے آر کی یہ مسلسل چوتھی شکست ہے۔ آندرے رسل (48) ٹاپ اسکورر رہے۔یہ گجرات کی 7 میچوں میں چھٹی جیت ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں بھی 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آگئی ہے۔ ٹیم اب تک صرف ایک میچ ہاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ کولکاتا کی 8 میچوں میں 5ویں شکست تھی۔ کے کے آر نے اب تک صرف 3 میچ جیتے ہیں۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے گجرات ٹائٹنز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ کپتان ہاردک پانڈیا نے لگاتار تیسری ففٹی اسکور کی اور سب سے زیادہ 67 رنز بنائے۔ کے کے آر کی جانب سے آندرے رسل نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ کیریبین آل راؤنڈر آندرے رسل نے اننگ کے آخری اوور میں چار وکٹ لے کر گجرات ٹائٹنز کو ہفتہ کے روزآئی پی ایل میچ میں مقررہ 20 اوور میں نو وکٹ پر 156 رن پر روک دیا۔ایک وقت جب ہاردک پانڈیا اور ڈیوڈ ملر کھیل رہے تھے تو ایسا لگ رہا تھا کہ گجرات 175 رنز سے زیادہ اسکور کر سکتا ہے ، لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ ہاردک نصف سنچری بنانے میں ضرورکامیاب رہے ، لیکن یہ ناکافی تھا۔ گجرات نے آخری 17 گیندوں میں 6 وکٹ اور چھ گیند کے اندر چار وکٹ گنوائے ۔رسل نے پہلی گیند پر ابھینو منوہر، دوسری گیند پر لوکی فرگوسن، پانچویں گیند پر راہول تیوتیا اور چھٹی گیند پر یش دیال کی وکٹیں حاصل کیں۔ رسل نے ایک اوور میں چھ رن دے کر چار وکٹ اپنے نام کئے ۔ گجرات کے کپتان ہاردک پانڈیا نے 49 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 67 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ اوپنر ریدھیمان ساہا نے 25 گیندوں پر 25، ڈیوڈ ملر نے 20 گیندوں میں 27 اور راہل تیوتیا نے 12 گیندوں میں 17 رن بنائے ۔رسل کے علاوہ کولکاتہ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 24 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری طرف کولکاتا کے آندرے رسل نے میچ میں شاندار بلے بازی کی، ایک موقع پر ایسا لگا کہ وہ میچ جیت جائیں گے۔
رسل نے صرف 25 گیندوں پر 48 رنز بنائے۔ ان کے بلے نے 6 چھکے اور 1 چوکا لگایا۔ رسل نے 192 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS