ڈھاکہ (ایجنسیاں) بنگلہ دیش کے 40سالہ سابق اسپنر مشرف حسین دماغ کے سرطان کے باعث انتقال کر گئے۔سابق اسپنر باؤلر مشرف حسین دماغ کے سرطان میں مبتلا تھے اور ڈھاکہ کے یونائیٹڈ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔مشرف حسین کو مارچ 2019 میں دماغ میں رسولی کی تشخیص ہوئی ، ابتدائی علاج کے بعد مشرف کی طبیعت میں کچھ بحالی نظر آئی ، لیکن نومبر 2020 میں یہ رسولی پھر سے بڑھنا شروع ہو گئی اور بالآخر مرض سے جنگ لڑتے وہ جان کی بازی ہار گئے۔مشرف حسین نے بنگلہ دیش کی جانب سے 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں حصہ لیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں ، لیکن انہوں نے اپنے 17 سالہ فرسٹ کلاس کیرئیر کے دوران 3 ہزار رنز بنائے اور 300 سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔مشرف حسین بنگلہ دیش کے ان 7 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ انٹرنیشنل کیریئر میں مشرف حسین کا پہلا مقابلہ 2008 میں جنوبی افریقہ کے خلاف چٹا گام میں کھیلا گیا ون ڈے مقابلہ تھا۔مشرف حسین کے کیریئر کی سب سے نمایاں جھلک 2013 کے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ فائنل میں ان کا مین آف دی میچ بننا تھا۔ جس میں انہوں نے ڈھاکا گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے میچ میں 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ڈومیسٹک سرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت انہیں 2016 میں ایک مرتبہ پھر ٹیم میں طلب کیا گیا، جب انہوں نے افغانستان اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ایک، ایک میچ کھیلا۔انگلینڈ کے خلاف اکتوبر 2016 میں میرپور میں ہونے والا ون ڈے ان کے کیریئر کا آخری انٹرنیشنل میچ تھا۔انہوں نے 112 فرسٹ ڈویڑن میچوں میں 392 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ مشرف حسین نے ’لسٹ اے‘ میں بھی 104 میچ کھیلے اور 120 وکٹیں حاصل کیں۔بنگلہ دیش کے سابق اسپنر نے اپنے طویل فرسٹ کلاس کیریئر میں نیشنل کرکٹ لیگ اور ڈھاکا پریمیئر لیگ کے ایک نمایاں کھلاڑی تھے۔
بنگلہ دیش کے سابق کھلاڑی کا 40سال کی عمرمیں انتقال
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS