اولڈ ایج ہوم میں ضعیف العمر لوگوں کیلئے جدید سہولتیں مفت مہیا کرائی گئی ہیں: اروند کجریوال

0

وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں بے سہارا افراد کیلئے اولڈ ایج ہوم کاافتتاح
اظہار الحسن
نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی سرکار نے راجدھانی کے بے سہارا بزرگوں کے لیے کانتی نگر میں ایک عالمی معیار کا اولڈ ایج ہوم تعمیر کیا ہے، جس کا منگل کو وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے افتتاح کیا۔ یہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سینئر سٹیزن ہوم دہلی کا چوتھا اولڈ ایج ہوم ہے اور کل نو اولڈ ایج ہوم زیر تعمیر ہیں۔ یہاں بزرگوں کے لیے مفت رہائش، کھانا، کپڑے، بستر، ٹی وی، ریڈیو، کتاب، تفریحی مرکز کے ساتھ بھجن۔کیرتن پروگرام، صحت، فزیو تھراپی وغیرہ کی سہولیات دستیاب ہیں۔ اس موقع پر اروندکجریوال نے کہا کہ جن بزرگوں کا خیال رکھنے والا کوئی نہیں، ان کا بیٹا ان کا خیال رکھے گا، انہیں عزت کی زندگی دے گا۔ اس اولڈ ایج ہوم میں ان کے لیے تمام جدید ترین سہولیات بالکل مفت ہیں۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ جن بزرگوں کو اپنا گھر بار چھوڑ کر مجبوری میں یہاں آنا پڑتا ہے، وہ یہ محسوس نہ کریں کہ وہ اپنا گھر چھوڑ کر آئے ہیں۔ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ ایسا ٹھکانہ بنانے کی ضرورت نہ پڑے۔ سبھی بزرگ اپنے گھروں میں اپنے بچوں کے ساتھ خوش و خرم رہیں۔
وزیر اعلیٰ کہا کہ یہ اولڈ ایج ہوم بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی یاد میں دہلی کے بزرگوں کے لیے وقف کیا گیا ہے۔ معائنہ کے دوران محکمہ سماجی بہبود کے افسران نے سینئر سٹیزن ہوم میں دستیاب سہولیات سے متعلق انہیں تفصیل سے جانکاری دی، ساتھ ہی محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے چلائی جارہی مختلف اسکیموں کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے وہاں لگائی گئی نمائش کو دیکھا اور ایک پنٹنگ میں اپنی تجاویز بھی دیں۔ انہوں نے سینئر سٹیزن ہوم میں رہنے والے بزرگوں سے بھی بات چیت کی اور ان کی خوشی اور غم میں شریک ہوئے۔ اس دوران بزرگوں نے وزیر اعلیٰ کو اپنا آشیرواد دیا اور ان کے ساتھ تصویریں بھی کھچوائیں۔ کجریوال نے کچن سیکشن کا بھی معائنہ کیا اور بزرگوں کے لیے تیار کردہ کھانے کو بھی ٹیسٹ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ بزرگ شہریوں کے ہوم میں بزرگوں کی تفریح کے لیے متعدد سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے ان کا معائنہ کرجائزہ لیا۔ اس پانچ منزلہ اولڈ ایج ہوم میں 117 کمرے ہیں جن میں سے 81 کمرے مردوں کے لیے ہیں جب کہ 36 کمرے خواتین کے لیے ہیں۔ اس سے قبل تین اولڈ ایج ہومز کا افتتاح کیا جا چکا ہے جبکہ مزید پانچ عمارتوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ بزرگ شہریوں کی رہائش گاہ میں ایک دوسرے سے گھل مل جانے کے لیے گول میزیں لگائی گئی ہیں جہاں بزرگ ایک ساتھ بیٹھ کر بات چیت کر سکتے ہیں اور اپنی خوشیاں اور غم بانٹ سکتے ہیں۔ اس دورا ن وزیر اعلیٰ نے اپنی کامیابیوں سے متعلق محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے مرتب کردہ ایک کتابچہ جاری کیا۔
اس موقع پر اروند کجریوال نے کہا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سینئر سٹیزن ہوم کو بہت شاندار طریقہ سے بنایا گیا ہے۔ بزرگ کیسے رہیں گے، یہاں ہر چیز کا خیال رکھا گیا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ ایک کمرے میں بہت سے لوگوں ٹھہریں گے۔ ایک کمرے میں دو تین لوگ رہیں گے۔ سبھی کمرے بڑے ہیں۔ کمروں میں اٹیچ ٹوائلٹ اور باتھ روم ہیں۔ کھیل، ادویات، ڈاکٹر، فزیو تھراپی کی سہولیات دستیاب ہیں۔ یہاں اچھا کھانا ہے۔ لائبریری ہے۔ ہر چیز کا خیال رکھا گیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہاں قیام کرنے والے بزرگوں کو ہر طرح کی سہولیات میسر ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ویسے بزرگ اپنے گھر میں رہیں تو بہت اچھا ہے۔ آپ کو گھر جیسا بندوبست کہیں نہیں مل سکتا۔ لیکن ہم نے کوشش کی ہے کہ جن لوگوں کو اپنا گھر چھوڑ کر مجبوری میں یہاں رہنا پڑتا ہے، وہ یہ محسوس نہ کریں کہ وہ گھر چھوڑ کر گئے ہیں، ہمیں پوری سہولیات نہیں مل رہیں۔ جس طرح کی زندگی آج کل بن گئی ہے۔ بہت سے ایسے بزرگ ہیں جنہیں بڑھاپے میں دیکھنے کے لیے بچے نہیں ہوتے۔ مختلف وجوہات کی بنا پر بہت سے بزرگوں کو بڑھاپے میں اپنا گھر بار چھوڑنا پڑتا ہے۔ ان کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں۔ ضروری نہیں کہ یہ صرف غریبوں میں ہو۔ بہت سے اچھے گھرانوں کے بزرگوں کو بھی بڑھاپے میں دیکھنے والا کوئی نہیں ہے۔ اس موقع پر وزیرسماجی بہبود راجیندر پال گوتم نے کہا کہ 14 اپریل کو بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر کا یوم پیدائش ہے۔ ہم نے یہ ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر اولڈ ایج ہوم ان کی یاد میں بزرگوں کے لیے بنایا ہے ۔وزیر اعلیٰ دہلی کے سبھی بزرگوں کو بلا تفریق ذات پات اور مذہب کی زیارت کروا رہے ہیں۔ جن بزرگوں کو دیکھنے والا کوئی نہیں، وہ ان کے بیٹے بن کر ان کے لیے تمام تر انتظامات کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS