سری نگر: (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے ہری پورہ امام صاحب علاقے میں بدھ کی شام سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان گولیوں کے مختصر تبادلے کے بعد جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور فوج نے بھی تلاشی آپریشن منسوخ کر دیا ہے۔ ایک سیکورٹی عہدیدار نے بتایا کہ جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے شوپیاں کے ہاری پورہ امام صاحب علاقے کو بدھ کی شام محاصرے میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران طرفین کے درمیان رات کے قریب گیارہ بجے آمنا سامنا ہوا اور گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا جس کے بعد خاموشی چھا گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج نے جمعرات کی صبح جنگجوؤں کی تلاش کے لئے تلاشی آپریشن دوبارہ شروع کیا لیکن جنگجوؤں کا کہیں کوئی سراغ نہیں ملا جس کے بعد آپریشن کو منسوخ کر دیا گیا۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے جنگجوؤں کی تلاش کے لئے ڈرونز کا بھی استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ جنگجو کس وقت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ بتادیں کہ جنوبی کشیر کے ترال علاقے میں بدھ کے روز ایک تصادم آرائی کے دوران دو مقامی جنگجو مارے گئے۔ جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے دو روز قبل نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں گذشتہ تین مہینوں کے دوران42 جنگجو مارے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران 32 غیر ملکی جنگجو بھی مارے گئے۔
شوپیاں آپریشن اختتام پذیر، جنگجو فرار ہونے میں کامیاب
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS