نئی دہلی: (یو این آئی) وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں ہندوستان کا کردار قومی مفاد کے مطابق ہے اور یہ کامیاب رہا ہے۔ ایوان میں’’روس-یوکرین جنگ میں ہندوستان کا کردار‘سے متعلق ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی قومی مفاد پر مبنی ہے اورمستقبل میں بھی اسی بنیاد پر قائم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنی متوازن خارجہ پالیسی کی وجہ سے ہندوستانی طلباء اور دیگر شہریوں کو جنگ زدہ یوکرین سے نکالنے میں کامیاب ہوا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے روس اور یوکرین کے صدور کے ساتھ الگ الگ فون پر بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جنگ اور اس کے مضمرات کے حوالے سے تمام فریقوں سے رابطے میں ہے۔ ادویات اور دیگر طبی آلات اور امداد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یوکرین بھیجی گئی ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی قومی مفادات پر مبنی ہے اور مستقبل میں بھی اسی بنیاد پر قائم رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان علاقائی سالمیت پر یقین رکھتا ہے۔ روس یوکرین تنازع پر ہندستان کی پوزیشن واضح ہے۔ دونوں ممالک کے تعاون سے ہی ہندوستانی طلباء کو یوکرین سے نکالا جا سکتا ہے۔ ہندوستان دونوں ممالک کے تئیں یکساں جذبات رکھتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روس یوکرین جنگ کا ہندوستان کی توانائی کی سلامتی اور ایندھن کی ضروریات پر براہ راست اثر نہیں پڑے گا۔ ہندوستان اپنی خام تیل کی ضرورت کا ایک فیصد سے بھی کم روس سے درآمد کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS