اڈوپی (کٹک)، (پی ٹی آئی) : کرناٹک کے اڈوپی ضلع کے کاپو شہر میں ماری گڑی مندر مینجمنٹ نے سالانہ اتسو کے دوران دیگر مذاہب کے لوگوں کو مندر کی زمین پر کاروبار نہ کرنے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کچھ ہندو تنظیموں کی اپیل کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ ہندو جاگرن ویدکا اور تلوناڈو ہندو سینا جیسی تنظیموں نے مندر مینجمنٹ سے منگل اور بدھ کو 2 روزہ مذہبی میلے کے دوران مسلمان کاروباریوں کو کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دینے کی اپیل کی تھی، جس کے بعد مندر مینجمنٹ نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ ان تنظیموں نے کہا کہ مسلمانوں نے حجاب کے معاملے پر کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف بند کی حمایت کی تھی، جو ہندوستان کے قانون اور عدالتی نظام کے تئیں ان کے نظریہ کو ظاہر کرتا ہے۔ مندر مینجمنٹ کے ایک ایگزیکٹیو افسر نے کاپو میں اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’ہندو تنظیموں نے ایک میمورنڈم سونپ کر ہمیں ماری گڑی تہوار کے دوران دیگر مذاہب کے لوگوں کے بجائے صرف ہندو کاروباریوں کو کاروبار کرنے کی اجازت دینے کے لیے کہا۔ اسی کے مطابق مندر مینجمنٹ نے ایسے کسی بھی شخص کو کرائے پر زمین نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جو ہندو نہیں ہے۔ صرف ہندوئوں کو کاروبار کرنے کے لیے جگہ دی جائے گی۔‘
مندر مینجمنٹ کو سونپے گئے میمورنڈم میں کاپو کی تلو ناڈو ہندو سینا نے اپیل کی کہ ’سگی ماری پوجا‘ اتسو کے دوران کسی بھی مسلمان کو کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ ہندو سینا نے کہا کہ ’ماری پوجا اتسو کے دوران کسی بھی مسلم کو اسٹال لگانے کے لیے جگہ نہیں دی جانی چاہیے۔ اگر مسلمانوں کو اپنے اسٹال لگانے کی اجازت دی جاتی ہے تو آپ (مندر کے عہدیدار) اکیلے مسئلہ اور خطرے کے لیے ذمہ دار ہوں گے۔ اس لیے آپ کو مسلمانوں کو اسٹال لگانے کے لیے جگہ نہیں دینی چاہیے۔ ‘ ہندو جاگرن ویدکا کے پرکاش کے نے کہا کہ کاپو شہر میں ماری پوجا اڈوپی ضلع میں ایک بہت بڑا تہوار ہے، جس میں بڑی تعداد میں مسلم کاروباری یہاں کاروبار کرتے ہیں۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’جو لوگ ہمارے بھگوان، ہمارے مذہبی مقامات کا احترام نہیں کرتے ہیں اور ایک الگ مذہب پر عمل کرتے ہیں، انہیں ہمارے مذہبی تہواروں کے دوران کاروبار نہیں کرنا چاہیے۔ ہندو کمیونٹی نے ماری گڑی مندر مینجمنٹ سے یہ اپیل کی تھی۔‘ اپیل کے پیچھے کا سبب بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں مسلم کاروباریوں نے کرناٹک ہائی کورٹ کے ذریعہ حجاب کے فیصلے کے خلاف ریاست بھر میں بند کااہتمام کیا تھا۔
کرناٹک:مندرکے احاطہ میں مسلمانوں کے اسٹال لگانے پر پابندی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS