اسلام آباد، (پی ٹی آئی) مسلم ممالک کو درپیش چیلنجز پر غور و فکر کے لیے اسلامک تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل (سی ایف ایم) کی 2 روزہ میٹنگ منگل کو پاکستان کی راجدھانی اسلام آباد میں شروع ہوئی۔ 57 رکنی او آئی سی کی 48 ویں سی ایف ایم میٹنگ ’اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت داری کا فروغ‘ کے موضوع پر منعقد ہو رہی ہے۔ اس میں تقریباً 46 رکن ممالک کی نمائندگی وزارتی سطح پر ہو رہی ہے، جبکہ باقی ملکوں کی نمائندگی سینئر حکام کر رہے ہیں۔ میٹنگ کی صدارت پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کر رہے ہیں۔چین کے اسٹیٹ کائونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ایی اپنے پاکستانی ہم منصب کی دعوت پر میٹنگ میں خصوصی مہمان کے طور پر شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق میٹنگ میں امن، سلامتی، اقتصادی ترقی، ثقافتی و سائنسی تعاون سمیت مختلف موضوعات پر 100 سے زائد تجاویز پر غور کرتے ہوئے انہیں منظور کیا جائے گا۔ (متعلقہ خبرآئینہ عالم صفحہ12 پر)