فلسطین میں افسر کی موت کا معاملہ :مکل آریہ کی لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ

0

نئی دہلی (ایس این بی) :فلسطین میں مردہ پائے گئے ہندوستان کے نمائندہ آئی ایف ایس افسر مکل آریہ کی لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ وہ گزشتہ ہفتہ رام اللہ میں اپنے دفتر کے احاطے میں مردہ پائے گئے تھے۔ ان کی ماں نے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی جس میں دوبارہ پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ مرکز نے اس مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے لیے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) اسپتال کے ڈاکٹروں کا ایک پینل فوری طور پر تشکیل دیا جائے گا۔
عرضی پر سماعت کرتے ہوئیجسٹس رجنیش بھٹناگر نے مرکزی حکومت کے اعتراض کو قبول کرلیا اور آریہ کی ماں کی عرضی کو نمٹا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر درخواست گزار کو کسی قسم کا مسئلہ درپیش ہے تو وہ دوبارہ درخواست دائر کر سکتی ہے۔ جسٹس نے متعلقہ حکام کو لاش کے پوسٹ مارٹم کی ویڈیو گرافی کرنے کی بھی ہدایت دی۔
درخواست گزار روشن لتا آریہ نے کی عرضی میں مطالبہ کیا تھا کہ مکل آریہ کی لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا جائے۔ انہوں نے اپنے بیٹے کی بے وقت موت کو مشتبہ قرار دیا اور جانچ کی اپیل کرتے ہوئے درخواست دائر کی۔ ان کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل سدھارتھ لوتھرا نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ کے بیٹے کی موت کا اعلان 3 مارچ کو کیا گیا ہے لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ ان کی لاش 6 مارچ تک نہیں ملی۔ اس کی موت کی کیفیت معلوم نہیں ہے۔ متوفی کے اہل خانہ کی طرف سے آواز اٹھانے پر معلوم ہوا کہ متوفی کی موت ہوچکی ہے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کنبہ کو مرکزی حکومت یا کسی اور اتھارٹی سے ان کے بیٹے کی موت کی تاریخ کے بارے میں کوئی سرکاری اطلاع نہیں ملی ہے۔ یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ متوفی کے کمرے کو صاف کیا گیا تھا اور درخواست گزار کے اہل خانہ کے رام اللہ پہنچنے سے پہلے تمام شواہد کو تباہ کردیا گیا تھا۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ کمرے کی چادریں بدل کر کمرے کی صفائی کی گئی۔ درخواست گزار اور درخواست گزار کی بیٹی نے متوفی کی موت میں بدنیتی کا الزام لگاتے ہوئے سرکاری اداروں کو متعدد یادداشتیں دیں۔ حکام نے درخواست گزار کی درخواست پر عمل نہیں کیا اور نہ ہی کوئی جواب دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS