یوپی اسمبلی انتخابات : پانچویں مرحلہ میں 12 اضلاع کی 61 نشستوں پر ووٹنگ شروع

0

لکھنؤ: (یو این آئی) اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے میں ریاست کے 12 اضلاع کی 61 نشستوں پر اتوار کی صبح سات بجے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹنگ شروع ہو گئی۔ الیکشن کمیشن کے افسران نے کووڈ پروٹوکول کی تعمیل کو یقینی بناتے ہوئے ووٹنگ کے آغاز کے بارے میں مطلع کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز شام 6 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ پانچویں مرحلے میں امیٹھی، رائے بریلی، چترکوٹ، سلطان پور، پرتاپ گڑھ، کوشامبی، پریاگ راج، بارہ بنکی، اجودھیا، بہرائچ، شراوستی اور گونڈا اضلاع کی 61 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ شروع ہوئی۔ صبح 7 بجے پولنگ شروع ہونے کے بعد کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر صرف ایک یا دو ووٹر دیکھے گئے۔ پانچویں مرحلے کی پولنگ میں 2.25 کروڑ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان میں سے 1.20 کروڑ مرد، 1.05 کروڑ خواتین اور 1727 تیسری جنس کے ووٹرز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانچویں مرحلے میں 61 اسمبلی حلقوں میں 693 امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے 90 خواتین امیدوار ہیں۔ انتخابات کے اس مرحلے میں کل 25,995 پولنگ مراکز اور 14,030 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ آزادانہ، شفاف اور منصفانہ ووٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے کمیشن نے ووٹنگ کے عمل پر کڑی نظر رکھنے کے انتظامات کیے ہیں۔ اس کے تحت 60 جنرل مبصر، 11 پولیس مبصر اور 20 ایکسپینڈیچر آبزرور تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 1941 سیکٹر مجسٹریٹ، 250 زونل مجسٹریٹ، 207 اسٹیٹک مجسٹریٹ اور 2627 مائیکرو آبزرور بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
سیکورٹی کے نقطہ نظر سے 23 اسمبلی حلقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان میں پھول پور، میجا، کرچھنا، الہ آباد ویسٹ، الہ آباد نارتھ، الہ آباد ساؤتھ، رام پور خاص، پٹی، کنڈا، بابا گنج، سیراٹھو، منجھن پور، گوسائی گنج، کرسی، رام نگر، دریا آباد، اسولی، لمبھوا، مہسی، پیاگ پور اور قیصر گنج شامل ہیں۔ ان سیٹوں کے 4547 پولنگ مقامات کو انتہائی حساس ترین زمرے میں رکھا گیا ہے۔ اس مرحلے میں 120 گلابی بوتھ بھی بنائے گئے ہیں۔ ان پر 20 معائنہ اور 295 خواتین پولیس اہلکار حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔
پانچویں مرحلے میں پرتاپ پور سیٹ کے لیے سب سے زیادہ 25 امیدوار میدان میں ہیں، جب کہ ملکی پور، پیاگ پور، بارہ بنکی، زید پور، حیدر گڑھ، صدر اور کادی پور سیٹوں پر سب سے کم سات سات امیدوار ہیں۔ پانچویں مرحلے میں نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ سمیت نصف درجن وزراء کا بھی امتحان گا۔ موریہ کوشامبی کی سیراتھو سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں،
جب کہ یوگی حکومت کے کابینہ وزیر راجندر پرتاپ سنگھ عرف موتی سنگھ پٹی سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ کابینہ وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ الہ آباد مغربی سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ یوگی حکومت میں وزیر نند گوپال نندی الہ آباد ساؤتھ سے، سماجی بہبود کے وزیر رماپتی شاستری منکاپور سیٹ سے اور ریاستی وزیر چندریکا پرساد اپادھیائے چترکوٹ صدر سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
تلوئی، سلون ، جگدیش پور ، گوری گنج، امیٹھی، اسولی، سلطان پور، صدر، لمبھوا، کدی پور ، چترکوٹ، مانک پور، رام پور خاص، بابا گنج (محفوظ)، کنڈا، وشواناتھ گنج، پرتاپ گڑھ، پٹی، رانی گنج، سیراتھو، منجھن پور، چائل، پھاپھامؤ، سوراؤں ، پھول پور، پرتاپ پور، ہنڈیا، میجا، کرچھنا، الہ آباد ویسٹ، الہ آباد شمالی، الہ آباد جنوبی، بارہ ، کوراؤں ،کرسی، رام نگر، بارہ بنکی، زید پور ، دریا آباد، رودولی، حیدر گڑھ (ایس یو)، ملکی پور (ایس یو)، بیکاپور، ایودھیا، گوسائی گنج، بلہا ، نانپارہ، مٹیرا، مہسی، بہرائچ، پیاگ پور، قیصر گنج، بھنگہ، شراوستی، مہنون، گونڈا، کٹرا بازار، کرنل گنج، تراب گنج، منکاپور (ایس) اور گوڑہ اسمبلی نشستیں شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS