ہتھیار نہیں ڈالیں گے، اپنادفاع کریں گے :ولودیمیر زیلنسکی

0

یوکرین کے صدر کا ویڈیو پیغام میں اعلان،شراکت داروں سے امداد ملنے کی عوام کویقین دہانی
دبئی (ایجنسیاں) : یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ’ہم ہتھیار ہر گز نہیں ڈالیں گے۔ ہم اپنی سرزمین کا دفاع کریں گے۔‘ انہوں نے یہ بات آج ہفتے کے روز کیف میں اپنے دفتر کے سامنے کھڑے ہو کر ایک ویڈیو پیغام میں قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہی۔فیس بک پر جاری ہونے والے ویڈیو کلپ میں یوکرین کے صدر نے کہا کہ’میں یہاں ہوں۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ’میں نے فرانس کے صدر سے بات کی ہے ، ہمارے شراکت داروں کی جانب سے اسلحہ اور ساز و سامان یوکرین کے راستے میں ہے۔‘ زیلنسکی کے مطابق انہوں نے فوج سے ہتھیار ڈالنے اور میدان چھوڑ دینے کا مطالبہ نہیں کیا۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی ذمے داران نے یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کے لیے انخلا کی پیش کش کی تھی تا کہ وہ قیدی نہ بنا لیے جائیں۔ تاہم یوکرین کے صدر نے امریکی پیش کش کو مسترد کر دیا۔
اس سے قبل جمعہ کی شام ایوان صدارت کی ویب سائٹ پر جاری ایک ویڈیو میں ولودیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ ‘میں یہ بات صراحتاً کہنا چاہوں گا کہ آج کی رات ، دن سے زیادہ دشوار ہو گی۔ ہمارے ملک کے کئی شہروں کو حملے کا سامنا ہے۔ کیف پر ہماری خصوصی توجہ ہے۔ ہم دارالحکومت کو نہیں کھو سکتے۔‘
یوکرین کے صدر کے مطابق انہوں نے دن کے اوقات میں کئی سینئر مغربی قائدین کے ساتھ بات چیت کی۔ ان میں امریکی صدر جو بائیڈن ، فرانسیسی صدر عمانوئل میکروں اور جرمن چانسلر اولاف شولٹس شامل ہیں۔زیلنسکی نے بتایا کہ ’ہم نے مزید امداد اور ہمارے ملک کے لیے زیادہ سپورٹ پر اتفاق کیا ہے۔‘یوکرین کے صدر نے زور دیا کہ ہمارا مرکزی ہدف اس قتل و غارت کو روکنا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS