خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا،گرفتاری سے قبل 7گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی گئی، ہم لڑیں گے اور جیتیں گے،ہم جھکیں گے نہیں:کابینہ وزیر
ممبئی (ایجنسیاں) : نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما اور مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک کو بدھ کو پی ایم ایل اے عدالت نے 3مارچ تک انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحویل میں بھیج دیا۔این سی پی کے رہنماکو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ اور زمین کے سودے کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔انھیں بھاری پولیس فورس کی تعیناتی کے درمیان آج دوپہر خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ای ڈی نے 35صفحات کی ریمانڈ عرضی میں ملزم کی 14دن کی حراست مانگی تھی۔ ای ڈی کی جانب سے پیش اسسٹنٹ سالیسٹر جنرل انل سنگھ نے کہاکہ ’تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈی گینگ کے ایک رکن نے ملک کے خاندان اور اس کے زیر کنٹرول ایک کمپنی سے تقریباً 200کروڑ روپے کی جائیدادیں خریدی تھیں‘۔انہوں نے کہا کہ داؤد ابراہیم کی بہن حسینہ پارکر ان کیلئے ہندوستان میں تحویل جائیداد کر رہی تھیں اور ملک، ایسی جائیدادوں پر کرایہ دار متعارف کرا رہے تھے۔ بعد ازاں یہ جائیدادیں مارکیٹ کی قیمت سے کم پر فروخت کی گئیں۔مسٹر سنگھ نے کہاکہ ’نواب ملک کا ڈی-کمپنی کے ارکان کے ساتھ تعلق، گواہوں کے بیانات اور ای ڈی کی طرف سے تلاشی میں اور عہدیداروں سے موصولہ دستاویز سے واضح ہے ۔‘ مسٹر سنگھ نے استدلال کیاکہ ’ہم نے ٹھوس ثبوت اکٹھے کیے ہیں۔ اس کی تحقیقات کیلئے ، ای ڈی کو 14دنوں کیلئے حراست کی ضرورت ہے۔ ہمیں 14دن کی حراست دی جا سکتی ہے ، تاکہ ہم تفتیش مکمل کرنے سے پہلے دوبارہ نہ آئیں۔‘ سماعت کے دوران نواب ملک نے عدالت کو بتایا کہ انھیں زبردستی ای ڈی کے دفتر لایا گیا۔ وزیر نے کہا کہ اگر ای ڈی انھیں سمن جاری کرتی تو وہ تعاون کرتے۔ وزیر نواب ملک کی بیٹی ثنا خان اور بہن سعیدہ خان عدالت کے کمرے میں موجود تھیں۔ این سی پی لیڈر کو اپنے وکلا سے بات کرنے کیلئے 5 منٹ کا وقت دیا گیا۔ ملک کی طرف سے پیش ہونے والے امت دیسائی نے کہا کہ ای ڈی نے 35صفحات کی ریمانڈ کی عرضی دی ہے مسٹر ڈیسائی نے کہا کہ ’وہ اسے پیچیدہ بنا رہے ہیں، جو بدبختانہ ہے، جبکہ معاملہ پیچیدہ نہیں ہے۔‘ انہوں نے دلیل دی کہ ’انھیں صرف لین دین کی آمدنی اور منی لانڈرنگ کے جرم اور جرائم کی آمدنی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام لین دین 1999 اور 2003میں ہوئے تھے، جبکہ پی ایم ایل ایکٹ 2005میں نافذ ہوا ‘۔
واضح رہے کہ ای ڈی نے بدھ کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما اور مہاراشٹر کے کابینی وزیر نواب ملک کو منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں گھنٹوں پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کیا ۔ موصلہ اطلاعات کے مطابق ای ڈی افسران نے آج صبح ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اورچند دستاویزات کا معائنہ کرنے کے بعد انھیں افسران کی ایک ٹیم اپنے ہمراہ ای ڈی دفتر لے آئی، جہاں ان سے تقریباً 7 گھنٹوں تک پوچھ گچھ کا عمل جاری رہا۔ اس کے بعد ای ڈی نے انھیں گرفتار کئے جانے کی اطلاع دی ۔گرفتاری کے بعد نواب ملک کو سرکاری جے جے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ ہوا، اس کے بعد دوبارہ انھیں ای ڈی آفس لا یا گیا۔ اس کے بعد انہیں ایک خصوصی عدالت میں پیش کیاگیا۔سفیدکرتا پہنے نواب ملک کو رقم وصولی روک تھام ایکٹ سے وابستہ معاملوں کی سماعت کیلئے مقررہ خصوصی جج آراین روکڑے کی عدالت میں شام4:50 بجے لایا گیا اور انہیں کٹہرے میں کھڑا کیا گیا۔
جج نے جب ان سے پوچھا کہ کیا انہیں کوئی شکایت ہے؟ نواب ملک نے کہاکہ ای ڈی کے افسران صبح ان کے گھر آئے اور اپنے دفتر لے گئے۔ وزیر موصوف نے عدالت سے کہاکہ ’دفتر میں انہوں (ای ڈی) نے ایک دستاویز پر دستخط کرایا، جس کے بارے میں انہوں نے بعد میں بتایاکہ وہ سمن تھا۔ ‘
دریں اثنا مہاراشٹر کے اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے کہاکہ وہ جھکیں گے نہیں۔ پوچھ گچھ کے بعد جنوبی ممبئی میں واقع ای ڈی دفتر سے باہر نکلنے کے بعد نواب ملک نے میڈیا سے کہاکہ ’ہم لڑیں گے اور جیتیں گے، ہم جھکیں گے نہیں‘۔
واضح رہے کہ نواب ملک نے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے فرزند آرین خان کی منشیات میں گرفتاری کے بعد نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ممبئی کے سابق سربراہ سمیر وانکھیڈے کے خلاف کئ ایک سنسنی خیز انکشافات کیے تھے اور ای ڈی سمیت مرکزی جانچ ایجنسیوں پر بی جے پی کے اشاروں پر کام کرنے کے الزامات عائد کئے تھے۔ ذرائع کے مطابق 17برسوں قبل مفرور مافیا ڈان داؤد ابراہیم کاسکر کے چند قریبی ساتھیوں نے کرلا کی ایک جائیداد، گوالا کمپاؤنڈ کو نواب ملک کی کمپنی کو فروخت کیا تھا اس سودے کے درمیان ہوئے مبینہ طور پر کالے دھن کے استعمال کو لے کر ای ڈی نے منی لانڈرنگ کا ایک کیس درج کیاہے، گزشتہ دنوں اس تعلق سے ای ڈی نے داود گروہ سے تعلق رکھنے والوں کے دس سے زائد ٹھکانوں پر چھاپہ بھی مارا تھا ۔این سی پی رہنما و سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ کی گرفتاری کے بعد نواب ملک پر این سی بی کے دوسرے رہنما ہے جنھیں ای ڈی نے آج گرفتار کیا -ملک کی گرفتاری کے بعد ، این سی پی کے صدر شرد پوار، ریاستی صدر اور وزیر جینت پاٹل، ایم پی سپریہ سولے ، ترجمان ودیا چوان، ایم ایل اے روہت پوار، شیو سینا کے ایم پی سنجے راوت اور دیگر نے اس ای ڈی کاروائی کی سخت لفظوں میں مخالفت کی ہے اور تفشتیشی مشینری پر صرف چنندہ افرد کونشانہ بنا نا قرار دیا ۔
کابینی وزیر نواب ملک 3مارچ تک ای ڈی کی حراست میں
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS