نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو 62 رن سے ہرایا

0

کوئنس ٹاؤن (یو این آئی) : نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے سلامی بلے باز سوزی بیٹس کی شاندار سنچری اور جیس کیر کی مہلک گیندبازی کی بدولت ہفتہ کے روز یہاں پہلے ون ڈے میں ہندوستان کو ایکطرفہ انداز میں 62 رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی میزبان نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کر لی۔ ٹاس ہارنے کے بعد بلے بازی کرنے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم نے تجربہ کار سوزی بیٹس کی سنچری اور ایمی سیٹرتھویٹ کی نصف سنچریوں کی بدولت48.1 اوورز میں سبھی 10 وکٹوں کے نقصان پر 275 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ جواب میں ٹیم انڈیا نیوزی لینڈ کے گیندبازوں کے سامنے 49.4 اوور میں 213 رن پر سمٹ گئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بیٹس نے 111 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے جبکہ سیٹرتھ ویٹ نے 67 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے ۔ اس کے ساتھ ہی تیز گیند باز جیس کیر نے 9.4 اوور میں 35 رنز دے کر سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ سوزی بیٹس کو ان کی میچ وننگ سنچری پر ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔
کپتان میتھالی راج اور یستیکا بھاٹیہ کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی ہندوستان کی جانب سے کچھ خاص تعاون نہیں دے سکا ۔ میتھالی نے چھ چوکوں کی مدد سے 73 گیندوں پر 59 اور یاستیکا نے 63 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے ۔ بولنگ میں جھولن گوسوامی، پوجا وستراکر، راجیشوری گائیکواڑ اور دیپتی شرما نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ پونم یادیو نے ایک وکٹ حاصل کی۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے اب منگل کو یہاں کھیلا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS