کشمیرمیں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج، گلمرگ سرد ترین جگہ

0

سری نگر: (یو این آئی) وادی کشمیر میں اگرچہ دن بھر دھوپ کھلی رہتی ہے تاہم مطلع صاف رہنے سے شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہو رہا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں 13 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 13 تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس کے بعد موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے نتیجے میں پھر 17 فروری تک موسم خراب رہنے کی ہی توقع ہے۔ وادی میں مطلع صاف رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں مزید گرواٹ درج ہوئی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ یریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 0.1 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سری نگر میں 18 دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 25.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی15.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی18.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
دریں اثنا وادی میں جمعے کے روز بھی صبح سے ہی دھوپ کھلی رہی جس سے لوگوں کو پارکوں، صحنوں، اور دکان تھڑوں پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
وادی میں بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہے جس کا دور اقتدار بیس فروری کو ختم ہوگا اگرچہ اس چلہ کے دوران بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے تاہم اس کے دوران ہونے والی برف زمین پر زیادہ دیر تک جمع نہیں رہ سکتی ہے اور درجہ حرارت میں بھی بتدریج بہتری ہی واقع ہوتی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS