ملک کے حالات کیلئے کانگریس ذمہ دار :نریندر مودی

0
image: timesnownews.com

نئی دہلی (ایجنسیاں) : اسمبلی الیکشن 2022(یوپی) کیلئے پہلے مرحلے کی ووٹنگ سے ایک دن قبل وزیراعظم نریندر مودی نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو دیئے انٹرویو میں کانگریس اور سماج وادی پارٹی کو جم کر نشانہ بنایا۔ ایک طرف انہوں نے کانگریس کو آج کے ملک کے حالات کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا تو یوپی میں سماج وادی پارٹی کی حکومت کے وقت کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے اکھلیش یادو کو بھی گھیرا۔ انہوں نے کہاکہ یوپی میں پہلے کی سرکار میں بہن بیٹیاں گھر سے باہر نہیں نکل پاتی تھیں، آج یوپی کی بیٹی کہہ رہی ہے کہ شام کو اندھیرا ہونے کے بعد بھی اگر کہیں کام ہے تو جاسکتی ہوں۔ یہ جو اعتماد بحال ہوا ہے، وہ سیکورٹی کیلئے بہت ضروری ہے۔ وزیراعظم مودی نے سال 2022 کے اپنے پہلے انٹرویو میں 5ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات، سماج وادی پارٹی کے لیڈر اکھلیش یادو کے بیانات اور لکھیم پور تشدد پر بھی جواب دیا۔ مودی نے کہاکہ بی جے پی ہار ہار کر ہی جیتنے لگی ہے۔ ہم نے بہت شکست دیکھی ہیں، ضمانت ضبط ہوتی دیکھی ہے، پی ایم نے ایک طرف جہاں یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ریاست کے قانون وانتظام کیلئے سراہا، وہیں کنبہ پروری کیلئے کانگریس کو نشانہ بنایا۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے ایک اسٹیج سے کہا تھا کہ یوپی میں پروجیکٹس بی جے پی کے نہیں ہیں، بی جے پی عملی جامہ پہناتی ہے، اس پر وزیراعظم مودی نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں ایک کلچر شروع ہوا ہے، سیاست داں بولتے رہتے ہیں کہ ہم یہ کریں گے، وہ کریں گے، 50 سال بعد اگر کوئی وہ کام کردے گا تو کہیں گے کہ ہم نے یہ اس وقت کہا تھا، ایسے لوگ بہت مل جائیں گے۔
لکھیم پور کھیری تشدد معاملے پر بولتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ سپریم کورٹ جو کمیٹی بنانا چاہتی تھی، ریاستی سرکار نے اجازت دے دی۔ جس جج کی قیادت میں جانچ چاہتی تھی، سرکار نے حامی بھردی۔ ریاستی سرکار شفافیت کے ساتھ کام کررہی ہے۔5ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے متعلق سوال پر وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ میں اس الیکشن میں تمام ریاستوں میں دیکھ رہا ہوں کہ بی جے پی کی لہر ہے۔ پارٹی اکثریت سے جیتے گی۔ ہمیں خدمت کرنے کا موقع عوام دیں گے، جن ریاستوں میں ہمیں خدمت کرنے کا موقع ملا ہے، انہوں نے ہمارے کام کو دیکھا ہے۔ یوپی میں قانون و انتظام سے متعلق سوال پر وزیراعظم نے یوگی آدتیہ ناتھ کی پیٹھ تھپتھپائی۔ انہوں نے کہاکہ یوگی کی اسکیمیں اچھی ہیں، اس لئے اپوزیشن پارٹیاں پریشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کا منتر ہے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کاوشواس اور سب کا پریاس‘۔ ہم اسی منتر کو لے کر آگے چلنا چاہتے ہیں۔ ملک کا اتحاد ملک کو آگے لے جانے کیلئے اہم ہے۔ آج ہندوستان میں سب سے زیادہ ایف ڈی آئی، ایف آئی آئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS