12اور 13فروری کو ہونے والے نیلامی میں 370ہندوستانی اور 220غیرملکی کھلاڑی شامل :آئی پی ایل

0

آئی پی ایل میں 590کھلاڑیوںکی ہو گی نیلامی
نئی دہلی (یو این آئی) : انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) نے منگل کو 2022 سیزن کی میگا نیلامی میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی۔ بنگلورو میں 12 اور 13 فروری کو ہونے والی دو روزہ میگا نیلامی میں کل 590 کھلاڑیوں کی نیلامی ہوگی۔ روی چندرن اشون، ٹرینٹ بولٹ، پیٹ کمنز، کوئنٹن ڈی کاک، شکھر دھون، فاف ڈو پلیسس، شریئس ائیر، کاگیسو ربادا، محمد شامی اور ڈیوڈ وارنر بڑی نیلامی کی شروعات کرنے والے مارکی (سب سے نامور) سیٹ کا حصہ ہوں گے ۔ منگل کو آئی پی ایل نے نیلامی میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست شیئر کی۔ اس فہرست میں کھلاڑیوں کی تعداد 1214 سے کم کر کے 590 کر دی گئی ہے ۔ اس حتمی فہرست میں 44 نئے کھلاڑیوں کے نام شامل ہیں جنہیں فرنچائز کی درخواست پر نیلامی کی فہرست میں رجسٹر کیا گیا تھا۔ ان 44 نئے کھلاڑیوں میں سے ایک نام انگلینڈ کے تیز گیند باز جوفرا آرچرکاہے ، جن کے بارے میں ای سی بی نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ کہنی کی سرجری سے صحت یاب ہونے کے آخری مراحل میں ہیں اور جون میں کرکٹ میں واپس آسکتے ہیں۔ منگل کے روزٹیموں کو بھیجے گئے ایک ای میل میں، آئی پی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیمانگ امین نے کہا کہ آرچر کھلاڑیوں کے کوک سیٹ کا حصہ ہوں گے ، جوکھلاڑی نمبر 161 سے شروع ہوگا۔
امین نے یہ بھی کہا کہ ای سی بی نے واضح کر دیا ہے کہ آرچر کے آئی پی ایل 2022 میں کھیلنے کا امکان نہیں ہے اور اگر کوئی فرنچائز انہیں منتخب کرتی ہے تو اس کا متبادل نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا، “ای سی بی نے 2023 اور 2024 میں ممکنہ شرکت کے پیش نظرجوفرا آرچر کو نیلامی کے لیے رجسٹر کیا ہے ، کیونکہ ان کی موجودہ انجری کی وجہ سے آئی پی ایل 2022 میں شرکت کا امکان نہیں ہے ، اس لیے ان کا نام نیلامی کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ ، لیکن وہ مارکی یا دیگر سیٹوں میں میں پیش نہیں ہوں گے ۔ وہ کوک نیلامی کے دوران بلائے جانے کے لیے دستیاب ہوں گے ۔ جو بھی انہیں منتخب کرے گا، اسے اس سیزن کے لیے متبادل کھلاڑی نہیں ملے گا کیونکہ وہ پہلے ہی زخمی ہیں اور اس سیزن میں ان کی شرکت کا امکان نہیں ہے ۔
590 کھلاڑیوں کی اس فہرست میں 228 کیپڈ اور 355 ان کیپڈ کھلاڑی ہیں۔ اس کے علاوہ ایسوسی ایٹ ممالک کے سات کھلاڑیوں پر بولی لگائی جائے گی۔ مارکی کھلاڑیوں کے بعد کیپڈ کھلاڑیوں اور انکیپڈ کھلاڑیوں کی ایک ایک فہرست کے ساتھ نیلامی آگے بڑھے گی۔ خصوصیات کی ترتیب یہ ہوگی: بلے باز، آل راؤنڈر، وکٹ کیپر بلے باز، تیز گیند باز اور اسپن بولر۔
پہلے مرحلے میں ایسے کئی نام ہیں جو اس نیلامی میں مہنگے ترین کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ ان میں ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن شامل ہیں جنہوں نے دونوں نئی ٹیموں لکھنئو سپر جائنٹس اور احمد آباد کی پیش کش کے باوجود نیلامی میں داخل ہونے کا فیصلہ کیاتھا۔
کشن کے علاوہ کیپڈ کھلاڑیوں کے پہلے مرحلے میں گزشتہ سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ہرشل پٹیل، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پلیئر آف دی میچ رہنے والے آل راؤنڈر مچل مارش، ویسٹ انڈیز کی محدود اوورز ٹیم کے نائب کپتان نکولس پورن، نوجوان بھارتی اوپنر دیودت پڈیکل اورویسٹ انڈیز کے لیے ہیٹ ٹرک لینے والے پہلے کھلاڑی بنے جیسن ہولڈر بھی شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں دنیش کارتک، ڈوین براوو اور سریش رینا کی شکل میں تجربہ کار کھلاڑی بھی موجود ہیں۔
انڈر 19 ورلڈ کپ میں سب کو متاثر کرنے والے ڈیوالڈ بریوس مستقبل کے لیے ایک اچھا آپشن ثابت ہو سکتے ہیں۔ 18 سالہ ڈیوالڈ بریوس ایک اور کھلاڑی ہے جس پر سب کی نظریں ہوں گی۔ انڈر 19 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے بریوس نے اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا۔ اے بی ڈی ویلیئرس کا اپنا آئیڈیل ماننے والے بریوس نے کئی فرنچائزیوں کی توجہ مبذول کرائی ہے جنہوں نے بتایا ہے کہ ان کی شاندارتکنیک انہیں مستقبل کے لیے ایک اچھا متبادل بناتی ہے ۔
ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر اوڈین اسمتھ نے اپنی بنیادی قیمت کو کم کرکے ایک کروڑکردی ہے ۔ اس سے قبل اوڈین دو کروڑ کی بیس پرائز کے ساتھ نیلامی کی بڑی فہرست میں اپنا نام درج کرایا تھا۔ 25 سالہ اوڈین نے کیریبین پریمیئر لیگ، ٹی 10 لیگ اور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں مضبوط پرفارمنس سے اپنی پہچان بنائی ہے ۔ گزشتہ سیزن میں وہ نیٹ گیندباز کے طورپر کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ منسلک تھے ۔
حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے لیے ریزرو کھلاڑی کے طور پر ہندوستانی ٹیم میں شامل کئے جانے والے تابڑ توڑ بلے باز شاہ رخ خان کانام انکیپڈ کھلاڑیوں کی پہلی فہرست میں آئے گا۔ لمبے اور مضبوط شاہ رخ کو ڈومیسٹک کرکٹ میں سب سے طاقتور فنشر کادرجہ دیاجاتا ہے اور وہ ان کیپڈ کیٹیگری میں سب سے مہنگے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔
مبینہ طور پر اپنی پچھلی فرنچائز پنجاب کنگز سے ایک معاہدے کو خارج کرنے کے بعد، شاہ رخ نے اپنی بنیادی قیمت 20 لاکھ روپے سے بڑھا کر 40 لاکھ روپے کر دی ہے ۔ شاہ رخ نے اس سیزن کے فائنل میں آخری گیند پر چھکا لگا کر تمل ناڈو کو سید مشتاق علی ٹرافی کا فاتح بنایا اور اس کے بعد وجے ہزارے ٹرافی میں بھی سب کو متاثر کیا۔
نیلامی کے لیے رجسٹرڈ کل 590 کھلاڑیوں میں سے 370 ہندوستانی اور 220 غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ 47 کھلاڑی آسٹریلیا سے ہیں، جب کہ ویسٹ انڈیز کے 34، جنوبی افریقہ کے 33، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے 24، سری لنکا کے 23، افغانستان کے 17، بنگلہ دیش، آئرلینڈ کے پانچ-پانچ، نامیبیا کے تین، اسکاٹ لینڈ کے دو اور زمبابوے ، نیپال اور امریکہ کے ایک ایک کھلاڑی شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS