عدالت کی جانب سے حکومت سے 4فروری تک ہدایات طلب
نینی تال (یو این آئی) : ہری دوار دھرم سنسد کیس ( نفرت انگیز تقریر) میں جیل میں بند جتیندر نارائن تیاگی عرف وسیم رضوی کو فی الحال اتراکھنڈ ہائی کورٹ سے ضمانت نہیں مل سکی ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں حکومت سے 4فروری تک ہدایات طلب کی ہیں۔ دھرم سنسد کا اہتمام 17سے 19دسمبر تک تیرتھ نگری ہری دوار میں کیا گیا تھا جس میں مبینہ طورپر ایک مذہب کے خلاف اشتعال انگیز تقریریں کی گئی تھیں۔ اشتعال انگیز تقاریر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو کچھ لوگوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس کی جانب سے ہری دوار کوتوالی میں کچھ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔کچھ عرصہ قبل مذہب تبدیل کرنے والے جتیندر نارائن تیاگی عرف وسیم رضوی کو پولس نے 13جنوری کو یوپی سے ہری دوار آتے ہوئے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔ تب سے وہ جیل میں ہے۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔اس کے بعد وہ ضمانت کے لیے ہائی کورٹ پہنچا ۔ عدالت نے آج اس کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزم کی جانب سے کہا گیا کہ اس پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں۔ شکایت کنندہ کی جانب سے وکیل پرناؤ سنگھ نے ضمانت کی مخالفت کی۔آخر کارعدالت نے اس معاملے میں حکومت سے ہدایات (جواب) طلب کی ہیں۔ اس کے ساتھ شکایت کنندہ سے 4فروری تک جوابی حلف نامہ جمع کرانے کو بھی کہا گیا ہے۔
تیاگی عرف وسیم رضوی کو ضمانت نہیں ملی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS