اعظم گڑھ کی عوام کی اجازت سے ہی الیکشن لڑونگا:اکھلیش

0

لکھنؤ: (یواین آئی) اترپردیش کے اسمبلی انتخابات میں خود کے الیکشن لڑنے کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے واضح کیا ہے کہ وہ اگر الیکشن لڑیں گے تو اعظم گڑھ کی عوام کی اجازت لے کر ہی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ اکھلیش نے بدھ کو یہاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ اعظم گڑھ کی عوام نے ہی انہیں لوک سبھا میں اپنا نمائندہ بنایا تھا۔ اس لئے اسمبلی انتخابات لڑنے کے بارے میں بھی آخری فیصلہ اعظم گڑھ کی عوام کی جازت ہی سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا’میرے الیکشن لڑنے کا فیصلہ اعظم گڑھ کی عوام کریں گے۔ میں اعظم گڑھ کی عوام سے بات کر کے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرونگا۔ پارٹی جہاں سے فیصلہ کرے گی میں وہاں سے الیکشن لڑونگا‘۔
قابل ذکر ہے کہ ایس پی نے ایک حکمت عملی کے تحت اکھلیش کو بھی انتخابات میدان میں اتارنے کی پہل کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اگلے ایک دو دن میں یہ طے ہوجائے گا کہ اکھلیش کس سیٹ سے انتخابی میدان میں اتریں گے۔ مانا جاتا ہے کہ اکھلیش اعظم گڑھ، مین پوری اور قنوج اضلاع میں کسی اسمبلی سیٹ سے انتخابی میدان میں اتر سکتے ہیں۔ امکانات اس بات کے بھی ہیں کہ اکھلیش دو اسمبلی سیٹوں سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں۔
ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے ایک سیٹ اعظم گڑھ کی گوپال پور ہوسکتی ہے اس سیٹ پر گذشتہ چار اسمبلی انتخابات سے ایس پی نے ہی جیت درج کی ہے ۔ اس کے علاوہ قنوج یا مین پور کی کسی ایک سیٹ سے بھی اکھلیش انتخابی میدان میں اتر سکتے ہیں۔
ملحوظ رہے کہ فی الحال اکھلیش اعظم گڑ ھ پارلیمانی حلقے سے ایم پی ہیں۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے گورکھپور شہر سیٹ سے انتخابی میدان میں اتارنے کے بی جے پی کے اعلان کے بعد اکھلیش کو بھی انتخابی میدان میں اتارنے پر ایس پی نے غور و خوض کرنا شروع کردیا تھا۔ اگر اکھلیش انتخابی میدان میں اترتے ہیں تو یہ ان کا پہلی اسمبلی الیکشن ہوگا۔ اس سے پہلے سال2012 میں جب وہ وزیر اعلی بنے تھے تو قانون ساز اسمبلی کے رکن تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS