نئی دہلی(یو این آئی) پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے ان ریاستوں میں ریلیوں اور جلسوں پر پابندی میں 22 جنوری تک توسیع کردی ہے ۔ہفتہ کو یہاں الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سیاسی جماعتوں کو اس مدت کے دوران صرف ورچوئل ریلیاں کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے صحت مرکزی سکریٹری راجیش بھوشن اور ان ریاستوں کے چیف سکریٹریز، پرنسپل ہیلتھ سکریٹریز اور چیف الیکٹورل افسران کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی۔ میٹنگ میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ ریلیوں، جلسوں، پیدل یاترا اور روڈ شوز پر پابندی جاری رکھی جائے یا ختم کی جائے ۔مرکزی صحت سکریٹری اور پرنسپل ہیلتھ سکریٹریوں نے متفقہ طور پر الیکشن کمیشن کو بتایا کہ کورونا انفیکشن کی رفتار ابھی کم نہیں ہوئی ہے ۔ بحث میں یہ بات سامنے آئی کہ اومیکرون ویرینٹ کے انفیکشن کی شدت ڈیلٹا کی طرح مہلک نہیں ہے ، لیکن فی الحال کوئی رعایت دینا درست نہیں ہوگا۔ موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ریلیوں پر پابندی کو کم از کم اگلے ہفتے تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔کمیشن نے سیاسی پارٹیوں کو زیادہ سے زیادہ 300 افراد یا ہال کی گنجائش کے 50 فیصد کے ساتھ ’انڈور‘ میٹنگ کرنے کی اجازت دی ہے ۔ اس کے علاوہ، الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں، ریاستی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ کووڈ کے اخلاقی ضابطہ کے ماڈل کے التزامات اور کووڈ کے مکمل رہنما خطوط پر عمل کریں۔اس سے قبل، اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا، پنجاب اور منی پور میں انتخابی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے ، کمیشن نے وباکے پیش نظر 15 جنوری تک ریلیوں اور جلسوں پر پابندی عائد کردی تھی۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS