لکھنؤ (ایس این بی) مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے اترپردیش میں اسمبلی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان کئے جانے کے خلاف الٰہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ میں ایک مفاد عامہ رٹ داخل کی گئی ہے، جس میں الیکشن کمیشن کے حکم کے جواز کو چیلنج کیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ کے وکیل اشوک پانڈے نے یہ رٹ ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ میں داخل کی ہے۔ رٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابی ضابطہ کی دفعہ 15(1)اے میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی کی مدت کار ختم ہونے پر اسمبلی الیکشن کرائے جائیں گے۔ اسی دفعہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر حالات بہتر نہیں ہیں تو اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے قبل6ماہ کے اندر الیکشن کرا لئے جائیں۔ مذکورہ دفعہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دو اسمبلی اجلاس سے 6-6 ماہ کے وقفہ پر طلب کئے جائیں۔ رٹ میں کہا گیا کہ موجودہ اسمبلی کا اجلاس 19 دسمبر کو ہوا تھا، جس کے مطابق نئی اسمبلی کا اجلاس 18 جون کو ہونا چاہئے۔ اترپردیش سمیت پورے ملک میں کورونا وبا کی وجہ سے حالات بہتر نہیں ہیں۔
اس کے باوجود مرکزی الیکشن کمیشن نے ریاستی اسمبلی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔ رٹ میں کہا گیا کہ موجودہ حالات میں اسمبلی الیکشن اپریل یا مئی میں کرائے جائیں۔
انتخابی تاریخوں کے اعلان کے خلاف مفاد عامہ رٹ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS