کشمیر: سیاحتی مقامات پر تازہ برف باری اور ہلکی بوندا باندی

0

سری نگر: (یو این آئی) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری جب کہ میدانی علاقوں میں رات کو ہلکی بارشیں ہوئیں۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں چار سے چھ جنوری تک بالائی علاقوں میں بھاری برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برف باری سے ہوائی و زمینی ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتا ہے۔ وادی کشمیر میں یکم اور 2 جنوری کی درمیانی رات کو بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔ یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ وادی کے سیاحتی مقامات شہرہ آفاق گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ میں رات کو برف باری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر سری نگر سمیت وادی کے شمال و جنوب میں رات کو ہلکی بارشیں بھی ہوئیں جس سے سردی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
ادھر گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ درمیانی رات کو سری نگر میں 1.2ایم ایم بارشیں بھی ریکارڈ کی گئی ۔ وادی کشمیر کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی منفی 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ شہر آفاق گلمرگ میں یکم اور 2 جنوری کی درمیانی رات کو 4.2 سینٹی میٹر برف باری بھی ریکارڈ کی گئی ۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ریکارڈ ہوا تھا۔ پہلگام میں بھی درمیانی رات کو 7 سینٹی میٹر برف باری ہوئی۔ سرحدی ضلع کپواڑہ کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.3سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سےکم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لہیہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کرگل میں منفی 10.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سےکم درجہ حرارت منفی 9.2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں 4 اور 6 جنوری تک درمیانی سے لے کر بھاری برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہاکہ 5 اور 6 جنوری کو بالائی علاقوں میں بھاری برف باری متوقع ہے جب کہ 2 اور 3 جنوری کو وادی کشمیر میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سردیوں کے بادشاہ ’چلہ کلان‘اتوار اور پیر کی درمیانی شب یعنی 21 دسمبر سے اپنے چالیس روزہ مسند اقتدار پر پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ افروز ہو گیا ۔ چلہ کلان جو ’شہنشاہ زمستان‘کے نام سے بھی وادی کے قرب و جوار میں مشہورہے، 21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS